مسلمانوں کے قاتل مودی کو سب سے بڑا سعودی ایوارڈ ، پاکستانی حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، پیر معصوم نقوی

ملکی سلامتی کے تحفظ کے لئے بھارتی سعودی گٹھ جوڑ سے خبردار رہنا ہوگا مسلمانون کی میراث پر قابض آل سعود ،امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کے حقوق کا تحفظ کررہے ہیں، سربراہ جے یو پی نیازی

جمعرات 7 اپریل 2016 21:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ عسکری اور سیاسی قیادت کو ملکی سلامتی کے لئے بھارتی اور سعودی گٹھ جوڑ کے مقابلے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ کیونکہ دونوں دوسرے ممالک میں مداخلت کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔ مسلمانوں کے قاتل مودی کو سب سے بڑا سول ایوارڈ دینا ، پاکستانی حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

جمعیت سیکرٹریٹ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ گجرات فسادات کے ذمہ دار، مسلمانوں کے قاتل اور پاکستان کو توڑنے کی فاشسٹ مکتی باہنی تحریک کے سرگرم رہنما اور کشمیریوں کے قاتل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جس طرح سے عزت افزائی سعودی فرما روا نے کی ہے، پاکستانی حکمرانوں کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی مفادات کے تحفظ سے گریزاں موجودہ حکمران سعودی تنخواہ دار ہیں، چیف آف آر می سٹاف جنرل راحیل کو نوٹس لیناچاہیے۔

ان کاکہنا تھاکہ مسلمانوں کی میراث پر قابض آل سعود ،امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کے حقوق کا تحفظ کررہے ہیں، مسلم ممالک کو اپنی مضبوط صف بندی کرنا ہوگا۔ کیونکہ نوا زشریف ملکی مفادات کا سود ا کرچکے ہیں اورسعودی غلام کا کردار ادا کررہے ہیں۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ سعودی عرب نے اپنا سب سے بڑا سول ایوارڈ مودی کو دیا ہے جو آج تک کسی پاکستانی حکمران کو نہیں دیا گیا، حالانکہ جب بھی مشکل وقت آیا تو پاکستان نے سعودی عرب کی مدد کی۔

مگر اس کے عوض ہمیں کیا ملا۔ ملک میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کے پیچھے بھارت کے ساتھ کون ملک ہے، جو بلوچستان میں حالات ٹھیک نہیں ہونے دے رہا؟ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی طرف سے یمن کے مسئلے پر فوج بھجوانے کی اجازت نہ دینے کا رنج سعودی عرب نہیں بھولا۔