سر سید میموریل سوسائٹی کے مرکزی دفاتر سیل کر دیئے گئے

سوسائٹی مینیجمنٹ معطل‘ ریکارڈ سیل‘ پانچ رکنی کمیٹی نے چارج سنبھال لیا

جمعرات 7 اپریل 2016 21:26

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) کمشنر اسلام آباد کے حکم پر ایوانِ سر سید میں قائم سر سید میموریل سوسائٹی تمام مرکزی دفاترسیل کر دیئے گئے ہیں۔ جس میں صدر سوسائٹی‘ نائب صدر اور میجر جنرل محمد اویس کے دفتر شامل ہیں ۔سوسائٹی مینیجمنٹ معطل کر کے ریکارڈ بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ کمشنر اسلام آباد نے پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

جس نے سوسائٹی کا انتظام سنبھال لیا ہے۔ کمشنر نے مزید احکامات جاری کرتے ہوئے ایوانِ سر سید میں قائم سینٹر فار ایڈوانس سٹڈی ان انجئیرنگ(CASE) کو بھی ایوانِ سر سید خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ ان احکامات پر چئیرمین کمیٹی‘ نمائندہ رجسٹرار سوسائٹی ‘ CDA اور اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی موجودگی میں عمل کرایا گیا اس سے پہلے تمام عہدیداروں کو دفاتر خالی کرنے کے نوٹس دئیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

چئیر مین اور کمیٹی کے دفاتر ایوانِ سر سید میں قائم کر دئیے گئے ہیں جو روز مرہ دفتری امور کی نگرانی کریں گے۔ یاد رہے کہ سوسائٹی کے حوالے سے رجسٹرار آفس اور کمشنر میں شکایت درج کرائی گئی تھیں کہ سوسائٹی سخت انتظامی اور آئینی بے ضابطگیوں کی مرتکب ہو رہی ہے۔ سوسائٹی جن مقاصد کے لیئے قائم کی گئی تھی اُن سے یکساں طور پر ہٹ چکی ہے اور آئین کی مسلسل خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے ۔ اس سلسلے میں سوسائٹی کو متعدد بار نوٹس جاری کیے گئے مگر اُن کا کوئی بھی تسلی بخش جواب جمع نہ کرایا جا سکا۔ جس کی وجہ سے آج کمشنر اسلام آباد کو یہ سخت ایکشن لینا پڑا۔تا ہم سوسائٹی کے تمام ایمپلائیز معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔