سی آئی اے نے 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 30لاکھ روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کر لی

ملزمان علاقہ غیر سے ساتھیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پرگاڑیوں اور سوٹ بیگز کے خفیہ خانوں میں ہیروئن چھپا کر لاہور لے کر آتے

جمعرات 7 اپریل 2016 20:57

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء ) سی آئی اے پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث 3 ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے30لاکھ روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی2 کلو100گرام ہیروئن برآمد کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہو ر کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے شہر میں منشیات فروشی اور دیگرجرائم کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کو ان وارداتوں میں ملوث ملزموں کو گرفتارکرنے کاحکم دیا۔

جس پر اُنہوں نے ڈی ایس پی سی آئی اے صدرانور سعید کنگرہ کی سربراہی میں سی آئی اے نوانکوٹ مظہر اقبال اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شب و روز کی محنت کی بعد منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث3ملزموں خالد علی، احمد علی اور محمد عمران کو تاج کمپنی والی گلی اسلامپورہ سے گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 30لاکھ روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی2 کلو 100گرام ہیروئن برآمد کر لی ہے۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ایک عرصہ سے علاقہ غیر سے اپنے ساتھیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پرگاڑیوں اور سوٹ بیگز کے خفیہ خانوں میں ہیروئن چھپا کر لاہور لے کر آتے اور اپنے مخصوص گاہکوں کو آرڈر پرمنشیات فروخت کر رہے تھے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری نے منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ملزموں کی گرفتاری اوربھاری مقدار میں ہیروئن کی برآمدگی پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسنادکا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :