عوام اور دینی قوتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف خفیہ منصوبہ بندی کو ناکام بنائیں گے ‘مولانا فضل الرحمن

حکومت شرعی معاملات پر دینی قوتوں ،علماء کی مشاورت کے بغیر قانون سازی نہ کرے ،نئے نعروں کی بنیاد پر مغربی ثقافت کوقبول نہیں کیا جا سکتا

جمعرات 7 اپریل 2016 20:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہماری کاوشوں سے پیپلز پارٹی کے دور میں بیرو نی این جی اوز کی سازشیں ناکام ہوئیں ،موجودہ حکومت کے دور میں نئی یلغار کی جارہی ہے تا کہ اسلام کے نام پر بننے والے وطن عزیز کو سیکولر ریاست بنا یا جا سکے لیکن ایسی سازشوں کا بھی ہر میدا ن میں مقابلہ کریں گے ،ہم عوام اور دینی قوتوں کے ساتھ مل کر خفیہ منصوبہ بندی کو ناکام بنائیں گے ، حکومت شرعی معاملات پر دینی قوتوں اور علماء کی مشاورت کے بغیر قانون سازی نہ کرے دینی قوتوں کو با ئی پاس کر نے سے مسائل پیدا ہو تے ہیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے صوبائی سیکر ٹریٹ خیبر پی کے میں صو بائی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جسکی صدارت صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان نے کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے جے یو آئی کے سیکر ٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان ،مولانا عطاء الرحمن ،مولانا رفیع اﷲ ،محمد اسلم غوری ،حاجی شمس الرحمن شمسی ،عبد الجلیل جان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ علماء تشدد ،دہشتگردی کے سخت مخالف ہیں اس حوالے سے ہم نے پار لیمنٹ میں قانون سازی کو سپورٹ کیا لیکن غیر شرعی ،غیر آئینی اور متنازعہ کسی بھی قانون سازی کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے نام پر مردوں کو تھانوں کے چکر لگوانے سے خاندانی نظام تباہ ہو جا ئے گا ،تشدد کا راستہ روکنے کے لیے علماء کی مشاورت سے قانون سازی سے بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نئے نعروں کی بنیاد پر مغربی ثقافت قبول نہیں کیا جا سکتا ہے ۔این جی اوز ایک خاص مشن لے کر کام کر رہی ہیں جس پر دینی قو تیں نظر رکھے ہوئے ہیں ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لئے پر امن جدو جہد میں مصرف عمل ہیں ہماری نیت اﷲ کے فضل سے اچھی ہے کامیابی دینداروں کو ہی ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وطن کو مستحکم ریاست بنانے کے لئے بھی مصروف عمل ہیں ۔

ہم وطن عزیز کو عدم استحکام کی ہر سازش کا مقابلہ کر نے کے لیئے تہیہ کئے ہوئے ہیں ۔انہوں نے صوبائی عمومی کے ذمہ داران اور کار کنوں پر زور دیا کہ اپریل 2017ء میں منعقدہ صدسالہ عالمی اجتماع کے لیئے مسلسل محنت کریں ۔مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ آج 70برس کے بعد سوال اٹھا یا جا رہا ہے کہ پاکستان کس مقصد کیے لیئے بنا ؟پڑاپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر نہیں بنا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے اگر اس وقت کلمے کا نعرہ نہ لگایا جا تا تو پا کستان کبھی نہ بنتا ۔پاکستان کو سیکولر بنانے کی سازشیں ایک بار پھر عروج پر ہیں لیکن جے یو آئی ایسی ہر سازش کا پار لیمنٹ کے اندر اور باہر ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :