صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے کے لئے افسران و عملہ بھرپور توجہ مرکوز کریں، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی

جمعرات 7 اپریل 2016 19:52

کراچی ۔ 7 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی اشفاق احمد ملاح نے کہا ہے کہ سائٹ زون کی حدود میں صفائی ستھرائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کیلئے افسران و عملہ بھرپور توجہ مرکوز کریں۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف علاقوں میں جاری صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے افسران و عملہ اپنی کارکردگی کو اور بہتر انداز میں پیش کریں، کچرہ اٹھانے اور جراثیم کش ادویات کے باقاعدہ استعمال کو یقینی بنائیں، تمام علاقوں میں موجود مارکیٹوں، بازاروں، ہسپتالوں، اسکولوں، مساجد اور دیگر ایسے مقامات پر جو کچرہ کنڈیوں کے علاوہ کچرہ جمع ہونے کا باعث ہوں ان تمام مقامات کے ساتھ ساتھ کچرہ کنڈیوں کو صاف کرنے کیلئے بھر پور کاروائی عمل میں لائیں، تمام مارکیٹوں اور دیگر مقامات پر موجود تجاوزات کا بھی فوری خاتمہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقع پر موجود عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کرنے والے عملے سے تعاون کرتے ہوئے اپنے گھروں کا کچرہ جگہ جگہ ڈالنے کے بجائے مقررہ مقامات پر ڈالیں تاکہ عملہ بروقت اسے ٹھکانے لگا سکے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔