ڈی جی رینجرز کا ضمنی انتخابات کے موقع پر پولنگ اسٹیشن کا دورہ

جمعرات 7 اپریل 2016 19:52

کراچی ۔ 7 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے جمعرات کو کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی بحالی عوام کی دعاؤں اور تعاون کے ساتھ ممکن ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رینجرز حکومت کے فیصلے کے مطابق دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کراچی آپریشن کی سپروائزنگ کر رہی ہے۔ ضمنی انتخابات میں مختلف جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ہونے والی بدمزگی کے واقعہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ معمعولی واقعہ تھا اور اگر پولیس رینجرز سے مدد طلب کرتی تو رینجرز پولیس سے تعاون کرتی۔ قبل ازیں انہوں نے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور ووٹرز سے ملاقات کی۔ ووٹرز نے شہر میں امن وامان کی بحالی پر رینجرز کے کردار کو سراہا۔