حکومت ہر سال 600ارب روپے تعلیم پر خرچ کررہی ہے، وزیر مملکت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت بلیغ الرحمن کا تقریب سے خطاب

جمعرات 7 اپریل 2016 19:50

اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء) وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ بچوں کی ابتدائی عمر کی تعلیم انتہائی اہمیت کی حامل ہے،حکومت ہر سال 600ارب روپے تعلیم پر خرچ کر رہی ہے۔ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ”ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پروگرام“ اہم کردار ادا کرے گا۔

اس پروگرام کے تحت تین سالوں کے دوران ملک بھر سے تین سے پانچ سال کے72ہزار بچوں کو ابتدائی تعلیم دی جائے گی۔ جمعرات کو پروان اور آئی ایل ایم آئیڈیاز 2کے درمیان کم عمر بچوں کی تعلیم کے پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ایپام میں منعقدہ تقریب کے موقع پر وزیرمملکت انجینئر بلیغ الرحمن مہمان خصوصی تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کم عمر بچوں کی تعلیم اور خصوصی طور پر سرکاری سکولوں میں اس کی اشد ضرورت ہے۔ یہ پروگرام پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی کامیاب مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی ابتدائی عمر کی تعلیم انتہائی اہمیت کی حامل ہے یہ ان کی شخصیت پر بہتر اثرات مرتب کرتی ہے اور اس سے بچوں کو سکول کیلئے آمادہ کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی عمر کی تعلیم سے بچوں کے مستقبل میں تعلیم جاری رکھنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور اس لحاظ سے یہ ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے۔

وزیر مملکت نے پروگرام کی پائیداری پر زور دیتے ہوئے کہا یہ بہتر ہے کہ اسے چھوٹے پیمانے پر شروع کیا گیا اور ہمارا عزم ہے کہ وقت کے ساتھ اس پروگرام کو مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا۔یہ پروگرام تین سال کیلئے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کیا گیا ہے جس کے تحت تین سے پانچ سال کے عمر کے 72ہزار بچوں کو شامل کیا جائے گا اور ملک بھر میں ای سی ای ڈی سنٹر کو مضبوط بنانے کیلئے 6ہزار سماجی کارکنوں کو تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا مرحلہ ہے مجھے امید ہے کہ اس پروگرام میں زیادہ سے زیادہ بچے شامل ہوں گے۔ اس موقع پر بلیغ الرحمن نے اکیڈمی آف ایجوکیشن پلاننگ اینڈ مینجمنٹ (ایپام) کے رول کے بارے میں کہا کہ یہ ادارہ تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے منصوبہ بندی کر رہا ہے اور یہ ملک کے دیگر اداروں کیلئے ایک رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سکول جانے کی عمر کے 25ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں، یہ ہمارے بچے اور ان کو بنیادی تعلیم فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کی صورتحال میں روزبروز بہتری آ رہی ہے۔ حکومت ہر سال 600ارب روپے تعلیم پر خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی جیز کے حصول کیلئے ابھی سے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں اور امید ہے کہ ہم اس مرتبہ ضرور کامیاب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :