پانامہ پیپرز لیکس،سپریم کورٹ وزیراعظم نواز شریف کی معطلی کی درخواست دائر

جمعرات 7 اپریل 2016 19:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء ) پانامہ پیپرز لیکس میں سامنے آنے والے انکشافات کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی معطلی کے حوالے سے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست جمعرات کے روز سماجی کارکن سید محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فاضل عدالت پاناما لیکس سے متعلق چیف جسٹس اور حاضر ججز پر مشتمل جے آئی ٹی بناکر عدالتی کمیشن بنانے کا حکم صادر فرمائے ، پانامہ لیکس سکینڈ ل میں وزیراعظم نواز شریف اور انکے خاندان کے افراد کا نام بھی سامنے آیا ہے ، فاضل عدالت جوڈیشل کمیشن بنا کر اس کی تفصیلی رپورٹ آنے تک وزیر اعظم کو عہدے سے معطل قرار دینے کا حکم صادر فرمائے ، درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پانامہ پیپرز لیکس سے متعلق حقائق اور حقیقت کو چھپایا ہے ، جس سے وہ آرٹیکل 62،63کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ، اور عدالت انہیں صادق اور آمین نہ ہونے پر نااہل قرار دینے کا حکم بھی صادر کرے ، درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے ، وزیراعظم اور انکے خاندان کی سرکاری عہدے پر آنے سے قبل اور بعد کی جائیداد ،کاروبار ، اور بینک اکاونٹس سے متعلق سیکرٹر ی خزانہ اور سیکرٹری داخلہ سیکرٹری تجارت کو تفصیلات عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم صادر فرمائے ۔