خیبرپختونخوا انڈر23 گیمز،سوات ریجن میں بوائز انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا آغاز

صوبائی وزیر کھیل ویوتھ آفیئرخیبرپختونکوا محمود خان نے باضابطہ افتتاح کیا

جمعرات 7 اپریل 2016 19:17

خیبرپختونخوا انڈر23 گیمز،سوات ریجن میں بوائز انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں سوات ریجن میں کھیلوں کے بوائز انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا آغاز پروقار تقریب میں ہوگیا جس کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر کھیل و یوتھ آفیئرمحمود خان نے کیا ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سوات عاطف الرحمان، ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سید ثقلین شاہ ، اکاؤنٹ آفسر سپورٹس بورڈ امجد خان صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدرظفرالله، ڈی ایس او ذاکر الله سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

ان مقابلوں میں پانچ مختلف ڈسٹرکٹس جن میں شانگلہ ، چترال ، دیر اپر ، دیر لوئر اور سوات کے ایک ہزار سے زائد ایتھلیٹس پندرہ مختلف گیمز میں اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کرینگے ۔

(جاری ہے)

تقریب کاآغاز حماد الله نے تلاوت کلام پاک سے کیا، یاسین خان نے نعت شریف پڑی جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیاگیا ،تمام ڈسٹرکٹس کی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی پیش کی ،اس موقع پر خپل کور ماڈل سکول بچوں نے جمناسٹک اور روایتی رقص کا شاندار مظاہرہ کیاجس میں گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں نے بھرپور داد دی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر سوات پریس کلب اور گیمز آرگنائزر کے درمیان نمائشی رسہ کشی مقابلہ بھی منعقد ہوا جس میں آرگنائزکی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ۔دریں اثناء صوبائی وزیر کھیل محمود خان نے فیتہ کاٹ کا گیمز کا باضابطہ افتتاح کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پرعملی اقدامات کررہی ہے ۔

ڈسٹرکٹ سطح پرکھیلوں کا انعقاد عظیم کارنامہ ہے جس میں کھلاڑیوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ساتھ ہی کھلاڑیوں کو کھیلوں کاسامان اور ٹریک سوٹس بھی دیئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا بھی یہی ویژن ہے کہ کھلاڑی کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے کہاکہ سوات کے سات تحصیلوں میں گراؤنڈز جلد مکمل کرلئے جائینگے ، ہاکی گراؤنڈ کیلئے آسٹرو ٹرف اور جدید سپورٹس کمپلیکس کا بھی اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ اپنے دور اقتدار میں سوات کے کھلاڑیوں کیلئے تمام سہولیات مہیا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی کھلاڑی انٹر نیشنل سطح پر صوبے کی نمائندگی کرے گا اسکو ڈائریکٹر آف سپورٹس خیبرپختونخوا مکمل طورپر سپورٹ فراہم کریگی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مسٹر پاکستان باڈی بلڈنگ کے مقابلے جلد سوات میں منعقد ہونگے ۔ تقریب سے ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ میگا ایونٹ ”کھلاڑی ہو تو ثابت کرو“ کے نام سے خیبرپختونخواانڈر23 گیمز کا آغاز کیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں ڈویژن سطح پر انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا انعقادجبکہ دوسرے مرحلے میں تمام ڈویژن کی فاتح ٹیمیں پشاور میں انٹر ریجن مقابلوں میں شرکت کرے گی جسکا باضابطہ افتتاح پاکستان تحریک انصاف کے چیئر میں عمران خان کرینگے انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں میں پندرہ مختلف گیمز شامل ہے جس میں کرکٹ، ہاکی ، فٹبال ، کراٹے ،تائیکوانڈو، جوڈو،جمناسٹک، باکسنگ، ٹینس، سکواش، باسکٹ بال ، والی بال، ایتھلیٹکس،بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے ایونٹس شامل ہیں ۔

آخر میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس رشیدہ غزنوی نے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل محمود خان کو خصوصی شیلڈ پیش کی ۔ ۔