Live Updates

سندھ جگاؤ پاکستان بچاؤ کی عوامی رابطہ مہم کوحتمی شکل دے دی ہے،حلیم عادل شیخ

سینئر رہنماؤں کی مشاورت سے طے پاگیا ہم عمران خان کا پیغام شہر شہر گاؤں گاؤں لیکر جائینگے،رہنما تحریک انصاف

جمعرات 7 اپریل 2016 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ ہم نے سندھ جگاؤ پاکستان بچاؤ کے نام سے عوامی رابطہ مہم کے پروگرام کوحتمی شکل دے دی ہے ۔ عمران خان نے ہمیشہ خواص کی بجائے عوام کی سیاست کی ہے جس کے لیے سندھ کے ہر عام آدمی کے پاس جائینگے اورتبدیلی کے لیے اس کے ووٹ کی اہمیت سے انہیں آگاہی فراہم کرینگے۔

کسی وڈیرے کی اوطاق پر جاکر جلسہ نہیں کرینگے بلکہ عام لوگوں کے پاس جائینگے ،ریلی میں کارکنان اور عام لوگ بھرپور انداز میں شرکت کرینگے جس کی گونج حکومتی ایوانوں تک سنائی دے گی ۔یہ بات انہوں نے عادل ہاؤس سے جاری بیان میں کہیں ،انہوں نے کہا کہ سندھ جگاؤ پاکستان بچاؤ مہم کے حوالے سے پارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی ہوچکی ہے جن کی رہنمائی میں ریلی کے حوالے سے تمام معاملات پر بات چیت ہوئی ہے ،جبکہ اس سے قبل ہمارے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقات بھی اس ہی مہم کا حصہ تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں تبدیلی لانے کے لیے تحریک انصاف کاشہرشہر گاؤں گاؤں ویژن پہنچانا بہت ضروری ہے ، انہوں نے کہ سندھ میں اس وقت مفادپرست اور زاتی سیاست کرنے والے ہر موڑ پر مل جائینگے مگر عمران خان کے سوا کوئی ایک لیڈر بھی ایسا نہیں ہے جوصرف عوام کے فلاح و بہبود کی بات کرتا ہو۔انہوں نے کہ شیڈول کے مطابق "سندھ جگاؤ پاکستان بچاؤ" کے نام سے ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق 26اپریل کے روز کراچی سے ریلی کو کموں شہید تک نکالا جائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات