سب سے اہم مسئلہ پاکستان کے اسلامی تشخص اور نظریاتی حیثیت کا تحفظ ہے،لبرل اور سیکولر بنانے کی کوششوں اور سازشوں کے سامنے بند باندھنا پوری پاکستانی قوم کا فریضہ ہے

جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا ختم بخاری اور تقریب دستار بندی سے خطاب

جمعرات 7 اپریل 2016 18:04

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 اپریل۔2016ء) جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ پاکستان کے اسلامی تشخص اور نظریاتی حیثیت کا تحفظ اورا س کو غیروں کے تسلط سے نکالنا ہے،لبرل اور سیکولر بنانے کی کوششوں اور سازشوں کے سامنے بند باندھنا پوری پاکستانی قوم کا فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو یہاں اضاخیل نوشہرہ میں جامعہ عبداﷲ بن مسعود میں ختم بخاری اور تقریب دستار بندی سے خطاب کررہے تھے، جس میں ہزاروں علماء طلباء اور عام مسلمانوں نے شرکت کی، مولانا سمیع الحق نے کہا کہ مدارس کے خلاف مہم پاکستان کی بنیادوں پر کلہاڑی چلانا ہے، اصل مسئلہ حکمرانوں کا رسوائے زمانہ کرپشن اور عالمی سکینڈل ہیں، بے ضرر اور بے بس علماء طلبا ائمہ مساجد پر ظلم اور بے جا قید وبند کے نتیجہ میں حکمرانوں پر پاناما لیکس جیسی آفتیں نازل ہورہی ہیں،پوری قوم کو رسوائے زمانہ کرپشن سیکنڈلوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے ۔

مولاناسمیع الحق نے کہاکہ تحفظ خواتین بل جیسے تمام لادینی اقدامات پرحکومت سے مذاکرات اور کمیٹیوں کے چکر میں پڑنے والے احمقوں کی جنت میں سو رہے ہیں ، ان حالات میں دینی اور محب وطن قوتوں کو ۷۷ء جیسے تحریک نظام مصطفی کے لئے تیار ہونا پڑے گا ۔