ٹورازم پراجیکٹ کی تکمیل سے سون ویلی سیاحوں کی توجہ کامرکز بن جائے گی،کمشنر

جمعرات 7 اپریل 2016 16:53

سرگودھا۔7 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء ) کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے کہاہے کہ سون ویلی ٹورازم پراجیکٹ کی تکمیل سے یہ علاقہ سیاحوں کی توجہ کامرکز بن جائے گا جس سے علاقہ میں روزگار کے وسائل پیدا ہوں گے۔ اس کے قدرتی حسن میں اضافہ ہوگا اور علاقہ کی تعمیر وترقی کو چار چاند لگ جائیں گے ۔ اس منصوبہ پر بیس کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

وہ سون ویلی ٹورازم پراجیکٹس پر کام کی رفتار کاجائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ریذیڈنٹ منیجر ٹی ڈی سی پی جعفر حسین بھٹہ نے کمشنر کو بریفنگ دی ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر خوشاب راؤ عاطف رضا بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے کہا کہ سرگودہا ڈویژن کی یہ خوش قسمتی ہے کہ یہاں پر سون ویلی جیسے علاقے قدرتی حسن او رمناظر کی وجہ سے سیاحوں کی دلچسپی کیلئے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر نے اس پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وہ خود بھی موقع پر جاکر ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیں گے ۔ کمشنر نے پہلے مرحلہ پر کنھٹی گارڈن او رکھبیکی جھیل پر کام اس سال جون تک اور دوسرے مرحلہ کاکام اگلے سال جون تک ہر حالت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سون ویلی کی ترقی سے یہ علاقہ سیاحوں کی توجہ کامرکز بن جائے گا۔