بحریہ ٹاؤن میں قائم معروف ریستورانوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے منافی اشیائے خوردونوش کی فروخت پر مختلف ریستورانوں کو 85ہزار روپے کے جرمانے

جمعرات 7 اپریل 2016 16:05

اسلام آباد۔ 7 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے بحریہ ٹاؤن میں قائم معروف ریستورانوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے منافی اشیائے خوردونوش کی فروخت پر مختلف ریستورانوں کو 85ہزار کے جرمانے عائد کر د
ئیے۔ اسسٹنٹ کمشنر رورل اسلام آباد سید جواد مظفر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے ریستورانوں اور دکانوں کی چیکنگ کی، کارروائی کے دوران ملاوٹ شدہ اور مضر صحت اشیاء کی فروخت ، صفائی کے ناقص انتظام ، سینی ٹیشن بائی لاز کی خلاف ورزی پر بسم اللہ ریستوران کو 15ہزار روپے، ہاٹ اینڈ سپائسی کو 30ہزار روپے، لاہوری چاٹ کو 20ہزار روپے، سب وے کیفے کو 10ہزار روپے اور من وسلویٰ ریستوران پر 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران یہ ریستوران حفظان صحت کے اصولوں کے منافی اشیاء کو ذخیرہ کرنے، کچن اور برتنوں کی صفائی کے ناقص انتظام اور عملے کی ویکسی نیشن نہ کرانے میں ملوث پائے گئے جس پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر انہیں 85ہزار روپے جرمانہ کیا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کے منافی اور ملاوٹ شدہ اشیائے خوردونوش کی فروخت کے خلاف کارروائی جاری ہے۔