عوامی شکایات کے ازالے کیلئے محتسب کا ادارہ بہترین فورم ہے،صدر مملکت

جمعرات 7 اپریل 2016 14:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے محتسب کا ادارہ اہمیت کا حامل ہے جو عوام کو عدم واقفیت کے باعث انصاف کے حصول میں رکاوٹیں دور کرے گا۔ جمعرات کے روز اسلام آباد میں بیمہ کیلئے وفاقی محتسب کے علاقائی دفاتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے امید کی کرن کے طور پر ہے۔

پاکستان میں محتسب کے ادارے کے قیام کا تجربہ کامیاب رہا۔ کامیاب تجربے کے بعد زندگی کے مختلف شعبوں کیلئے بھی محتسب مقرر کئے گئے۔ محتسب ادارے کے قیام کا مقصد لوگوں کے مسائل ا ن کی دہلیز پر حل کرناہے اور عوام اس سے بھرپور فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ عدم واقفیت کے باعث عوام انصاف کے حصول میں ناکام رہتے ہیں کیونکہ عوام کیلئے غیر ملکی زبان میں قوانین کو سمجھناآسان نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرے میں محتسب کے ادارے کی روایت پرانی ہے۔ ہمارے مذہب میں انصاف کی فراہمی بنیادی جزو ہے اور فرائض نیک نیتی سے ادا کرنے سے اللہ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کیلئے محتسب کا ادارہ بہترین فورم ہے۔ بیمہ کی بعض کمپنیاں بیمہ کی رقم کی ادائیگی میں ٹال مٹول سے کام لیتی ہیں بیمہ محتسب سے اب صارفین کیساتھ کمپنیوں کے معاملات کا بھی جائزہ لے گا بیمہ محتسب اور کارکنوں کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں۔

متعلقہ عنوان :