راولپنڈی،ضلعی پولیس کی کا رکر دگی سوالیہ نشا ن بن گئی

8ماہ کے دوران دہشت گردی کے 19مقدمات سمیت قتل ،اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اورجنسی زیادتی کے مقدمات کا ایک بھی مکمل چالان عدالتوں میں نہ بھجوایا جا سکا پولیس کی روائتی سستی اور عدم دلچسپی کے باعث ”انصاف تک رسائی پروگرام“ بھی مخدوش ہونے لگا

جمعرات 7 اپریل 2016 14:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) ضلعی پولیس گزشتہ 8ماہ(جولائی15سے فروری16)کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر درج 11148مقدمات میں سے محض1257 مقدمات کے مکمل چالان عدالتوں میں بھجوا کراپنی کارکردگی سے مطمئن ہو گئی ذرائع کے مطابق 8ماہ کے دوران دہشت گردی کے 19مقدمات سمیت قتل ،اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اورجنسی زیادتی کے مقدمات کا ایک بھی مکمل چالان عدالتوں میں نہ بھجوایا جا سکا جبکہ ایف آئی اے ، اینٹی کرپشن،کسٹم ایکٹ،نیب، بنکنگ اورانسداد سمگلنگ کی دفعات کے تحت کسی تھانے میں کوئی مقدمہ ہی درج نہ ہو سکا 8ماہ کے دوران مجموعی طور پر 116مقدمات کو عدالتوں نے کینسل کر دیا پولیس 838مقدمات کا سراغ ہی نہ لگا سکی اور439مقدمات میں بے بنیاد ہونے کے باعث ان پر تحقیقات روک دی گئیں پولیس کی روائتی سستی اور عدم دلچسپی کے باعث ”انصاف تک رسائی پروگرام“ بھی مخدوش ہونے لگا ذرائع کے مطابق ضلع کے30تھانوں میں درج ہونے والے قتل کے 166اور اقدام قتل کے 225مقدمات میں سے پولیس ایک بھی مکمل چالان متعلقہ عدالتوں میں نہ بھجواسکی تاہم قتل کے مقدمات میں مجموعی طور پر151اوراقدام قتل کے مقدمات میں صرف 164نامکمل و عبوری چالان عدالتوں میں داخل کئے جا سکے اسی طرح شہریوں کے زخمی ہونے کے حوالے سے درج 450مقدمات میں سے صرف 18مقدمات کے مکمل اور 370مقدمات کے چالان عدالتوں میں بھجوائے گئے ڈکیتی کے کل 366مقدمات میں سے ایک بھی مکمل چالان عدالتوں کو نہ پہنچ سکا تاہم244نامکمل و عبوری چالان عدالتوں میں داخل کرائے گئے 8ماہ کے دوران گاڑی و موٹر سائیکل چوری کے897مقدمات میں سے صرف 41 مکمل چالان اور 238نامکمل و عبوری چالان عدالتوں کو بھجوائے گئے چوری کے دیگر واقعات پر مشتمل 345مقدمات میں سے صرف 13مقدمات کے مکمل اور86مقدمات کے نامکمل و عبوری چالان عدالتوں کو بھجوائے گئے اغوا برائے تاوان کے9، جنسی زیادتی کے32 اور دہشت گردی کے19مقدمات میں سے 8ماہ میں ایک مقدمہ کا چالان بھی کسی متعلقہ عدالت میں داخل نہ کیا جا سکا البتہ اغوا کے 338مقدمات میں سے صرف6مقدمات کے مکمل اور129مقدمات کے نامکمل و عبوری چالان عدالتوں میں داخل کرائے گئے اسی طرح مختلف حادثات کے 252مقدمات میں سے صرف9مقدمات کے مکمل چالان اور دھوکہ دہی اور فراڈ کے 175مقدمات میں سے 15کے مکمل چالان عدالتوں کو بھجوائے گئے جبکہ اور اسلحہ کے 832مقدمات میں564مقدمات کے مکمل چالان عدالتوں کو بھجوائے گئے یہ امر قابل ذکر ہے گزشتہ8ماہ کے دوران ایف آئی اے ، اینٹی کرپشن،کسٹم ایکٹ،نیب، بنکنگ اورانسداد سمگلنگ کے قوانین کے تحت کوئی مقدمہ ہی درج نہ ہوا۔

متعلقہ عنوان :