وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات، ترقیاتی منصو بے جلد مکمل کرنے کی ہدایت

حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کو اولین ترجیح دیتی ہے،نواز شریف

جمعرات 7 اپریل 2016 14:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کو اولین ترجیح دیتی ہے گلگت بلتستان کے عوام نے (ن) لیگ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ہمیں عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے مینڈیٹ عوام کے معیار زندگی بہتر بنانے کا متقاضی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم سے ملاقات کی ملاقات میں گلگت بلتستان کی صورت حال پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے (ن) لیگ پر اعتماد کیا ہے لہذا ہمارا اولین ترجیح ہے کہ گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی لے آئیں حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی مینڈیٹ عوام کے معیار زندگی بہتر بنانے کا متقاضی ہے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام کریں گی اور اقتصادی سرگرمیوں سے غربت اور بے روزگاری میں کمی ہو گی ۔

(جاری ہے)

سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے جلد اقدامات کئے جائیں گے جس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی ۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے وزیر اعظم کا گلگت بلتستان پر دلچسپی رکھنے پر شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلاح و بہبود کی سیکموں میں پیشرفت سے آگاہ کیا وزیر اعلی نے حالیہ سیلاب سے گلگت بلتستان مین پھنسے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کو نکالنے کے احکامات جاری کرنے پر وزیر اعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا پھنسے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کو سی 130 طیارے کے ذریعے نکالا گیا تھا ۔

ملاقات میں گلگت بلتستان کونسل کے آئندہ انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعلی نے وزیر اعظم سے انتخابات کے لئے مجوزہ امیدواروں کے ناموں پر بھی بات چیت کی وزیر اعظم نے انہیں ہدایت کی کہ تمام انتخابی ٹکٹس اتفاق رائے اور میرٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں اور گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا مسلسل جائزہ لیں وزیر اعلی گلگت بلتستان کو ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لانے کے لئے کام کریں گے ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے ۔