ایران سے نان ٹیرف تجارتی رکاوٹیں ختم کرنے سے تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی‘ خادم حسین

جمعرات 7 اپریل 2016 13:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) فیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر وایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس خادم حسین نے حکومت پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ دو طرفہ تجارت میں نان ٹیرف تجارتی رکاوٹیں ختم کرنے اور آزاد تجارتی معاہدے ( ایف ٹی اے) کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر تاجروں کو آسانیاں بھی میسر آسکیں گی۔

خادم حسین نے کہا کہ نئے تجارتی معاہدوں سے کاروبار کی راہیں کھلیں گی ۔ملکی برآمدات کو فروغ ملے گا جس کے باعث نئی تجارتی پالیسی میں حکومت کی طرف سے ملکی برآمدات کا ہدف مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔پاک ایران نئے تجارتی معاہدہ سے وسط ایشیائی خطے کے لئے نئی تجارتی راہیں کھلیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان 5ارب ڈالر کی تجارت کا ہدف متعین کیا گیا ہے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام ضروری اقدامات کرینگے تاکہ باقاعدہ تجارت کا آغاز جلد از جلد ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی جلد تکمیل کیلئے پاکستان اپنے حصہ کی گیس پائپ لائن کی تکمیل کیلئے اقداما ت کرے تاکہ ایران سے گیس درآمد کرکے ملک کے اندر جاری توانائی بحران کے خاتمہ میں مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :