قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 اورسندھ اسمبلی کے پی ایس 115 میں ضمنی انتخابات کیلئے پولیگ جاری،متحدہ قومی موومنٹ اور مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنان آپس میں گتھم گتھا ہو گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 7 اپریل 2016 12:55

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 اورسندھ اسمبلی کے پی ایس 115 میں ضمنی انتخابات ..

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 اورسندھ اسمبلی کے پی ایس 115 میں ضمنی انتخابات کیلئے پولیگ جاری ہے۔ این اے245 اور پی ایس 115 کے ریٹرننگ افسران نے گزشتہ روز پرزائیڈنگ افسران کو دوپہر 2 بجے پولنگ سامان کے کیلئے بلایا تھا وقت کی پابندی کرنے والے پرزائیڈنگ افسران کو 4 گھنٹے تک پریشانی اٹھانی پڑی6 بجے کے بعد پرزائیڈنگ افسران کوپولنگ سامان کی فراہمی شروع ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور ریٹرننگ افسر نے پرزائیڈنگ افسران کو ضابطہ اخلاق سے آگاہ کیا۔ کئی پرزائیڈنگ افسران پابندی کے باجود موٹرسائیکل اور نجی گاڑیوں میں پولنگ سامان لے کر گئے۔ این اے 245 میں 4 لاکھ ووٹرز اور پی ایس 115میں ایک لاکھ 62 ہزار 614 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں حلقوں میں ضمنی انتخابات کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ادھر سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 115 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ اور مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنان آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔ کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 115 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے پولنگ سٹیشن کے باہر دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے انتخابی کیمپ آمنے سامنے موجود تھے جہاں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے مابین پہلے تلخ کلامی ہوئی جو بڑھ کر ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ اطلاع ملنے پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس کے بعد کارکنان کو پر امن طور پر منتشر کر دیا گیا۔