خانپور ڈیم واٹر سپلائی پراجیکٹ کے حوالے سے بنائی گئی دو رکنی ٹیم کا سنگجانی ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ

بدھ 6 اپریل 2016 22:35

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) وزیر اعظم کی جانب سے خانپور ڈیم واٹر سپلائی پراجیکٹ کے حوالے سے بنائی گئی دو رکنی ٹیم نے سنگجانی ٹریٹمنٹ پلانٹ ‘علی آباد میں 3لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے والے زیر تعمیر ٹینک کا جائزہ لینے کیلئے راولپنڈی کا دورہ کیا ‘کمیٹی نے خانپور ڈیم فیز تھری کے لیے 65ملین فی الفور ‘255ملین تین ماہ میں فراہم کرنے کی سفارش کردی۔

ایم این اے ملک ابرار احمد نے بدھ کی رات قومی خبر رساں ادارے ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء“ سے گفتگو کر تے ہوئے بتا یا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے میری درخواست پر خانپور ڈیم پراجیکٹ فیز تھری منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے ایم این اے کیپٹن (ر) صفدر عباسی اور سینیٹر سعود مجید پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے وزارت دفاع‘ وزارت پانی و بجلی ‘کینٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر صائمہ شاہ کے ہمراہ پہلے سنگ جانی ٹریٹمنٹ پلانٹ اور پھر علی آباد میں پانی ذخیرہ کرنے کے زیر تعمیر ٹینک کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ملک ابرار احمد نے بتایا کہ اس موقع پر منصوبے کے حوالے سے اس کمیٹی کو میں نے تفصیلی بریفنگ دی جس پر کمیٹی نے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے 65ملین فوری طور پر اور باقی فنڈز 255ملین تین ماہ میں تین اقساط کے طور پر فراہم کرنے کی سفارش کی ہے ۔ملک ابرار احمد نے بتایا کہ راولپنڈی کے عوام اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ کوششوں پر وزیرا عظم محمد نواز شریف کے شکرگذار ہیں ۔