کراچی میں چینی اشیاء کی نمائش سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا ، پاکستانی عوام ان سے فائدہ اٹھاسکیں گے،گورنر سندھ

بدر ایکسپوسلوشنز اور چائنا الیکٹرونکس کارپوریشن کے وفد کے مابین چائنا پاکستان نمائش 2017ء کے لیے باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

بدھ 6 اپریل 2016 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ مارچ 2017 ء میں کراچی میں منعقد کی جانے والی چینی اشیاء کی نمائش سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا اور پاکستانی عوام ان سے فائدہ اٹھاسکیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنا الیکٹرانکس کارپوریشن کے ایک 5 رکنی وفد سے گورنر ہاوٴس میں ملاقات کے دوران کیا، گورنر سندھ نے کہا کہ مجوزہ نمائش میں 300 چینی کمپنیوں کی شرکت سے ان کے پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے اور سنگل کنٹری نمائش سے ان دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کا پتا چلتا ہے گورنر سندھ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اعلان کے ساتھ ہی دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں مزید سرگرمی سے اضافہ ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی سرمایہ کاری کے لحاظ سے ایک آئیڈیل شہر ہے ملک کا معاشی مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ یہ ایک کاسموپولیٹن شہر بھی ہے جس میں پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے افراد رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی آبادی کے لحاظ سے دنیا کے 100 ملکوں سے بڑا ہے جس کے باعث یہاں کاروبارکے نمایاں مواقع موجود ہیں ، گورنر سندھ نے کہا کہ منسلک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ تشکیل دیا گیا ہے جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کا م کرنے والے چینی افراد کی حفاظت کے لیے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی کو بین الاقوامی نمائش کے انعقاد کا کافی تجربہ ہے اور آئیدیا زدفاعی نمائش اس بات کا ثبوت ہے اس موقع پر بدر ایکسپوسلوشنز اور چائنا الیکٹرونکس کارپوریشن کے وفد کے مابین چائنا پاکستان نمائش 2017ء کے لیے باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے ، گورنر سندھ نے اس موقع پر چینی وفد کو اس سال نومبر میں آئیدیاز دفاعی نمائش میں شرکت کی بھی دعوت دی ۔

متعلقہ عنوان :