ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے حکومت اور شہریوں کو مل کر تسلسل کے ساتھ کام جاری رکھنا ہے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا انسداد ڈینگی ڈے کے موقع پر پیغام

بدھ 6 اپریل 2016 22:14

لاہور۔6 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ڈینگی سے بچاؤکیلئے موثر اقدامات کئے ہیں ، تاہم ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے حکومت اور شہریوں کو مل کر تسلسل کے ساتھ کام جاری رکھنا ہے اور ڈینگی سے پاک ماحول کیلئے ہر ادارے اور فرد کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ”یوم انسداد ڈینگی“ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے مربوط کوششیں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی ۔ معاشرے کے تمام طبقات ڈینگی سے نمٹنے کیلئے کمربستہ ہوں اور حکومت کا ہاتھ مضبوط کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام میں ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کیلئے بھرپور آگاہی مہم جاری رکھی جائے اور سرکاری افسران بھی ڈینگی کے خلاف مہم میں عوامی خدمت کے جذبے کے تحت حصہ لیں۔

تمام طبقات حکومت کے ساتھ مل کر ڈینگی کے خلاف میدان عمل میں نکلیں۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے ایک بار پھر تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔