پانامہ لیکس کے حوالے سے عدالتی کمیشن کے قیام کا فیصلہ وزیراعظم کی نیک نیتی اور وسیع النظری کا مظہر ہے،ثناء اللہ زہری

بدھ 6 اپریل 2016 22:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے پانامہ لیکس کے حوالے سے لگنے والے الزامات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کے فیصلے کو قابل تحسین اور تاریخی اقدام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ وزیراعظم کی نیک نیتی اور وسیع النظری کا مظہر ہے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خود کو اپنے خاندان کو احتساب کے لیے پیش کر کے تاریخ رقم کر دی ہے، اس سے قبل بھی وزیراعظم اور ان کے خاندان پر الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں، جنہیں آج تک کسی بھی فورم پر ثابت نہیں کیا جا سکا ہے اور الزامات لگانے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب بھی عدالتی کمیشن کے ذریعے جلد حقائق سامنے آ جائیں گے اور قوم کو ان الزامات کی حقیقت کا علم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ملک میں سیاسی استحکام اور افہام و تفہیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دیگر جماعتوں اور سیاسی قائدین سے کہا ہے کہ وہ بھی وزیراعظم کے اقدام کی پیروی کریں ۔