Live Updates

نعیم الحق نے حکومتی وزراء کے عمران خان پر الزام کو یکسر مسترد کردیا

حکومتی وزراء کو جھوٹ بولنے پر سونے کا تمغہ دیا جانا چاہیے،عمران خان کے دشمن بھی ان کی پاک دامنی کا اعتراف کرتے ہیں پی ٹی آئی آج پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کر یگی ، اگر مزاحمت کی گئی تو سخت رد عمل کا اظہار کیا جائے گا،مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف

بدھ 6 اپریل 2016 21:59

نعیم الحق نے حکومتی وزراء کے عمران خان پر الزام کو یکسر مسترد کردیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے حکومتی وزراء کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر لگائے گئے الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کو جھوٹ بولنے پر سونے کا تمغہ دیا جانا چاہیے۔ عمران خان کے دشمن بھی ان کی پاک دامنی کا اعتراف کرتے ہیں۔

حکومتی وزراء پاکستان مسلم لیگ نواز کے سربراہ کا دفاع کرنے کیلئے سرکاری وسائل کا استعمال کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف آج جمعرات 3بجے دوپہر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کریگی اگر مزاحمت کی گئی تو سخت رد عمل کا اظہار کیا جائے گا۔ پی ٹی وی حکام چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو قوم سے خطاب کیلئے وقت فراہم کریں۔

(جاری ہے)

چیئرمین تحریک انصا ف جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پانامہ لیکس کے حوالے سے پارٹی پالیسی کا اعلان کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ وزیراطلاعات پرویز رشید سمیت دیگر وزراء نے پریس کانفرنس میں جھوٹ کی انتہا کر دی۔ دانیال عزیز گزشتہ تین سال سے مسلسل جھوٹ بول کر وزیراعظم نواز شریف کا دفاع کر رہے ہیں، نواز شریف کو چاہیے کہ ان کو وزیر بنا دیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ذاتی دفاع کیلئے حکومتی وزراء سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس کے بعد تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آج جمعرات دن 3بجے سہہ پہر پریس کانفرنس کرے گی اگر مزاحمت کی گئی تو اس پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرینگے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نواز شریف کی ذات کیلئے نہیں بنا۔

حکومتی وزراء نے پریس کانفرنس میں اتنا جھوٹ بولا ہے کہ جس پر انہیں سونے تمغہ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دشمن بھی ان کی ایمانداری کے معترف ہیں۔ معروف صحافی نے1991میں نیو یارک (امریکہ) میں نواز -حسین ایک کمپنی کے حوالے سے انکشاف کیا جس کے شئیرز نواز شریف اور ان کی بیگم کے نام تھے۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے سے مسلہ حل نہیں ہوگا، کمیشن کے سامنے نواز شریف کو اپنی بے گناہی کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔

قوم پانامہ لیکس کی جانب سے نوازشریف کی جانب سے سامنے آنے والے انکشافات پر ان سے استعفی کا مطالبہ کرتی ہے ۔نواز شریف نے جوحلف اٹھایا اس کی پاسداری آج تک نہیں کی اور قوم سے وہ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ شوکت خانم کے حوالے سے غلط الزامات لگائے گئے، شوکت خانم کے چیف ایگزیکٹو الزامات کے حوالے سے جلد میڈیا کو بریفنگ دینگے۔ نعیم الحق نے کہا کہ وہ گزشتہ 33سال سے عمران خان کے ساتھ ہیں ان کا ملک سے باہر کوئی اثاثہ نہیں ہے۔

عمران خان اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات پارٹی ویب سائیٹ پر موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج تک جتنے بھی کمیشن بنے ہیں ان کی رپورٹ خفیہ رکھی گئی ہے۔ امید کرتے ہیں کے پانامہ لیکس کے حوالے سے قائم جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ عوام پر عیاں کی جائے گی۔ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروا دی ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ قوم کے نمائندگان پانامہ لیکس کے حوالے سے اسمبلی میں زیر حاصل بحث کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج جمعرات قومی اسمبلی کے اجلاس میں پانامہ لیکس کی رپورٹ کے حوالے سے پارٹی پالیسی پیش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ 24اپریل کو تحریک انصاف کا 20ویں یوم تاسیس بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات