اورنج لائن منصوبہ کیلئے جگہ ایکوائر کر کے مسجد کو دینے کے خلاف درخواست پر ایل ڈی اے سے جواب طلب

بدھ 6 اپریل 2016 21:36

لاہور۔6 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء )لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کیلئے جگہ ایکوائر کر کے مسجد کو دینے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت کو زمین کی تقسیم سے روک دیا اور ایل ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں سے جواب طلب کرلیا ہے،لاہور ہائیکورٹ کے ججز جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل ڈویژن بینچ نے مقامی خاتون کی درخواست پر سماعت کی جس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کیلئے جگہ ایکوائر کر کے مسجد کو دینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ،درخواست گزار خاتون کے مطابق حکومت نے نولکھا کے علاقہ میں اورنج ٹرین کے نام پر 20 مرلے ایکوائر کئے اور چھ مرلے زمین اورنج ٹرین کے بجائے مسجد بنانے کیلئے ایک تنظیم کو دی جا رہی ہے جس پر عدالت نے حیرت کا اظہار کیا کہ حکومت ایک منصونے کے نام پر جگہ لے کر تیسری پارٹی کو جگہ کیسے دے سکتی ہے،درخواست میں استدعا کی گئی کہ پنجاب حکومت کو زمین کی تقسیم نہ کرنے دی جائے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو زمین کی تقسیم سے روک دیا اور ایل ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں سے جواب طلب کرلیا.۔