وزیر اعظم نے نئی روایت قائم کرکے خود کو احتساب کیلئے قوم کے سامنے پیش کر دیا ہے،رانا مشہود خان

پانامہ لیکس کے معاملے میں مخالفین کو جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا انتظار کر نا چاہیے،صوبائی وزیر تعلیم

بدھ 6 اپریل 2016 21:19

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے نئی روایت قائم کرتے ہوئے خود کو احتساب کے لئے قوم کے سامنے پیش کر دیا ہے، پانامہ لیکس کے معاملے میں مخالفین کو اب جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کا انتظار کر نا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی اے حاجی عمران ظفر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد حزب اختلاف اسکی تحقیقات کا مطالبہ کررہی تھی جب وزیر اعظم نے جوڈیشل کمشن قائم کردیا تو اسے مسترد کررہے ہیں۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیٹوں نے قانون کے مطابق کام کیا ہے، پانامہ لیکس میں بھی ان پر کسی غیر قانونی کام کا الزام نہیں لگایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو خزانہ خالی تھا، تیل، بجلی سمیت ہر چیز مہنگی تھی تاہم حکومت کے موثر اقدامات سے آج تیل ، بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو چکی، لوڈ شیڈنگ پر قابوپالیا گیا۔

انہوں نے کہا آج پاکستان پر دنیا اعتماد کرتی ہے، چین سمیت دنیا بھر سے سرمایہ کاری پاکستان آرہی ہے جبکہ زر مبادلہ کے ذخائر بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ عوام ہی حکومت کو میرٹ پر منتخب کرتے ہیں اور جب تک عوام مسلم لیگ ن کو ووٹ دیتے رہیں گے وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔