حیدرآباد، پراسرار بیماری سے7کمسن بچے دم توڑ گئے

محکمہ صحت نے نوٹس لے کر بیماری میں مبتلا درجنوں بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا

بدھ 6 اپریل 2016 21:16

حیدرآباد، پراسرار بیماری سے7کمسن بچے دم توڑ گئے

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) ہوسڑی کے گاؤں اللہ بخش بروہی میں پراسرار بیماری سے7 کمسن بچے دم توڑ گئے جس کا محکمہ صحت نے نوٹس لیتے ہوئے بیماری میں مبتلا درجنوں بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق بچے غذائی قلت کے ساتھ ساتھ خسرے کی بیماری میں مبتلا تھے۔ لطیف آباد کے علاقے گلستان سرمست کے نزدیک واقع گاؤں اللہ بخش بروہی میں پراسرار بیماری میں مبتلا 7 کمسن بچے ہلاک ہوگئے جن کی عمریں 2 سے 8 سال تک بتائی جاتی ہیں، دیہاتیوں کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 4سالہ سلیم ولد محمد عمر، 2 سالہ شہزادی بنت محمد علی، 6 سالہ زبیر ولد علی اکبر، 8 سالہ جانی ولد دین محمد شیخ، 4 سالہ شہزادی بنت وزیر شیخ، 2 سالہ مصطفی ولد وزیر شیخ اور 3 سالہ پری بنت جمعہ شامل ہیں، محکمہ صحت کو اطلاع دی گئی تو خصوصی ٹیم نے متاثرہ گاؤں پہنچ کر دیگر بیمار بچوں کا چیک اپ کرنے کے بعد بچوں کو گورنمنٹ اسپتال کوہسار منتقل کرا دیا جہاں ان کا فوری علاج شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر احمد حیدر نے کے مطابق پورا گاؤں غذائی قلت کا شکار ہے اور بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کی جسمانی حالت بھی کافی کمزور ہے، 24 بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جنھیں خسرے کی بیماری نے لپیٹ میں لے رکھا ہے، متاثرہ بچے کی ماںٍ لیلیٰ بی بی نے بتایا کہ وہ مزدوری کرتے ہیں اور بچے کافی روز سے بیمار تھے جن کے علاج کیلئے پیسے بھی نہیں تھے، واضح رہے کہ حیدرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں خسرہ اور کن پھیڑ کی بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر رکھی ہے اور یومیہ 50 سے زائد بچوں کو شہر کے سرکاری و نجی اسپتالوں کے علاوہ دواخانوں میں علاج کیلئے لایا جا رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :