صدر پاکستان نے ملک کے پہلے چلڈرن آئی پاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھ دیا

الشفاٹرسٹ کی خدمات سے لاکھوں لوگوں کی بینائی بچائی جاسکے گی حکومت اور نجی شعبہ مل کر صحت عامہ کے مسائل پر قابو پاسکتے ہیں،صدر ممنون حسین

بدھ 6 اپریل 2016 20:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ایک ارب روپے کی مالیت سے بننے والا الشفاء چلڈرن آئی ہاسپٹل معاشرے کیلئے گرانقدر تحفہ ہے۔ یہ ہسپتال نہ صرف بچوں میں بینائی کے مسائل حل کرنے میں مدد دیگا بلکہ ملک میں اندھے پن پر قابو پانے میں بھی اہم کردار ادا کریگا اور اس سے خطے کے دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھائینگے۔

یہ بات انھوں پاکستان میں پہلے چلڈرن آئی پاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہیلتھ کارڈز سکیم جیسے اقدامات کے ذریعے عوام کو صحت عامہ کی خدمات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ صحت کے شعبہ میں مزید اچھی تبدیلیاں لائی جائیں گی اور مستقبل میں صحت کی سہولیات تمام افراد کو یکساں طور پر میسر ہوں گی۔

(جاری ہے)

نجی شعبہ صحت کے میدان میں فلاحی اقدامات اٹھا کر اپنا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چلڈرن آئی ہسپتال کا قیام خطے میں ایک بڑی پیشرفت ہے پاکستان میں نوزائیدہ بچوں کو اوائل عمری میں اندھے پن سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے اس ہسپتال کی اشد ضرورت تھی۔ الشفاء ٹرسٹ نے 25 برسوں سے کروڑوں نابینا لوگوں کی آنکھوں میں روشنی لا چکا ہے جبکہ 75 فیصد سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا جس کے لئے یہ ادارہ خراج تحسین کا مستحق ہے۔

صدر مملکت نے مرحوم لیفٹیننٹ جنرل جہانداد خان کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے الشفاء ٹرسٹ کی بنیاد رکھی تھی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ محدود وسائل اور ایک گنجان آباد ملک ہونے کی وجہ سے دور افتادہ علاقوں میں صحت عامہ بہتر نہیں جس پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر الشفاء ٹرسٹ کے صدر جنرل حامد جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں بچوں میں اندھے پن میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جنکی تعداد پانچ لاکھ تک جا پہنچی ہے۔

بچوں کی بینائی لوٹانے اور اندھے پن کے سد باب کیلئے ایک ارب روپے کی مالیت سے جدید ترین اور پاکستان کا پہلا چلڈرن آئی ہاسپٹل قائم کیا جا رہا ہے جہاں سالانہ چھ بزار بچوں کا مفت علاج کیا جائے گاجو جنرل جہانداد مرحوم کے خواب کی تعبیر ہے۔انھوں نے بتایا کہ یہ ہسپتال دو سال میں مکمل ہو گااور اس میں عالمی معیار کی تمام سہولیات دستیاب ہونگی جبکہ پچیس اعلیٰ تربیت یافتہ ڈاکٹر اس ہسپتال میں خدمات سرانجام دینگے ۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ مزید لوگ الشفاء ٹرسٹ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انسانیت کی خدمت کریں گے۔تقریب میں عالمی شہرت یافتہ ڈاکٹروں،سماجی کارکنوں اور مخیر حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اعلی کارگردگی کے حامل سٹاف ممبران کو صدر مملکت نے شیلڈز بھی دیں۔

متعلقہ عنوان :