پاکستان نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیدی

پہلے میچ میں کامیابی کے بعد اب 9 اپریل کو گرین شرٹس کا مقابلہ ایونٹ کی مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم نیوزی لینڈ سے ہوگا

بدھ 6 اپریل 2016 20:05

پاکستان نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنے افتتاحی میچ میں کینیڈا ..

کوالا لمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) پاکستان نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی۔ملائشیا کے شہر آئی پو میں جاری 25ویں سلطان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں 7 ٹیمیں مدمقابل ہیں، ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لئے پاکستان، بھارت، ا?سٹریلیا، ملائشیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور جاپان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ کینیڈا سے ہوا جو گرین شرٹس نے ایک کے مقابلے میں 3 گول سے اپنے نام کیا۔کھیل کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے دفاعی کھیل پیش کیا اور کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی تاہم دوسرا کوارٹر شروع ہوا تو پاکستان کی جانب سے مخالف پوسٹ پر بھرپور حملے کئے اور کھیل کے 27ویں منٹ میں ارسلان قادر نے شاندار گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔

(جاری ہے)

پہلے گول کے اگلے ہی منٹ بعد پاکستان کو پنالٹی کارنر ملا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ارسال قادر نے دوسرا گول کر کے ٹیم کو واضح برتری دلادی تاہم تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کئے گئے تاہم کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور چوتھے کوارٹر میں کینیڈا نے پہلا گول کرکے پاکستان کی برتری کم کی جس کے کچھ دیر بعد پاکستان کے محمد توثیق نے تیسرا گول داغ کر پاکستان کی جیت یقینی بنا دی اور 1-3 کی برتری کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔پہلے میچ میں کامیابی کے بعد اب 9 اپریل کو گرین شرٹس کا مقابلہ ایونٹ کی مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :