وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حکم پر ڈی چوک اسلام آباد مسمار کرنے کا کام تیزی سے جاری

ڈی چوک میں موجود تعمیرات کو مسمار کے بعد اس کی ری ڈیزائنگ کی جائیگی ڈی چوک کی دوبارہ ڈیزاننگ کے حوالے سے تجاویز وفاقی کابینہ میں پیش کی جائیں گی ،کابینہ کی منظوری سے ڈی چوک میں مظاہرین کے داخلے کو روکنے کیلئے ری ڈیزاننگ کا عمل شروع کیا جائیگا

بدھ 6 اپریل 2016 19:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حکم پر ڈی چوک اسلام آباد مسمار کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈی چوک میں موجود سیڑھیوں اور دیگر تعمیرات کو مسمار کے بعد اس کی ری ڈیزائنگ کی جائیگی تاکہ کسی بھی قسم کے احتجاجی مظاہروں کے شرکاء ڈی چوک میں داخل نہ ہو سکیں۔

ذرائع کے مطابق ڈی چوک کی دوبارہ ڈیزاننگ کے حوالے سے تجاویز وفاقی کابینہ میں پیش کی جائیں گی اور کابینہ کی منظوری کے بعد ڈی چوک میں مظاہرین کے داخلے کو روکنے کیلئے ری ڈیزاننگ کا عمل شروع کیا جائیگا ۔ واضح رہے کہ ممتاز قادری کے چہلم کے موقع پر سنی تحریک نے حکومت پنجاب سے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لیاقت باغ راولپنڈی سے اسلام آباد کی جانب اچانک مارچ کیا اور ڈی چوک پہنچ کر دھرنا دیا۔

(جاری ہے)

اس صورتحال پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی منظوری سے ڈی چوک کو ختم کرنے کا اعلان کیا اور ہر قسم کے جلسے جلسوں پر پابندی عائد کر دی اور ممتاز قادری کے چہلم کے موقع پر ڈی چوک میں آنیوالے مظاہرین کی واپسی کے بعد وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حکم پر ڈی چوک کو مسمار کرنے کا کام شروع کر دیا گیا جو تیزی سے جاری تھے ۔ ذرائع کے مطابق ڈی چوک کو مسمار کرنے کا کام جلد مکمل ہو جائیگا۔