پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام سکیورٹی چیلنجز اور ان کا حل کے موضوع پرلیکچرکا انعقاد

پنجاب پولیس اورعوام دہشت گردی کے ناسور کا مل کر خاتمہ کریں گے ‘سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس

بدھ 6 اپریل 2016 19:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے سب کو مل کر اس مائنڈ سیٹ کا خاتمہ کرنا ہوگا جو اسلامی تعلیمات کے برعکس معصوم اور نہتے لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام سیکیورٹی چیلنجز اور ان کا حل کے موضوع پرفیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ خصوصی لیکچر میں شرکاء سے کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران ،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، اقامتی آفیسر اول پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ شاہد محمود گل، ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن سکھیرا، ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹرمحمد اقبال، اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے عہدیداران، سینئر فیکلٹی و ایڈمنسٹریٹو ممبران اور طلباء طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں امین وینس نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال کے شہداء کسی بھی مذہب ، فرقے اور طبقے سے بالاتر اس ملک کے شہری تھے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کے تحفظ کے لئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس فیصل آڈیٹوریم جیسے تاریخی ہال سے دہشت گردی کی جنگ کے خلاف ایک تحریک کا آغاز کررہی جس کیلئے ایک فورس تشکیل دے دی گئی ہے جو یونیورسٹی کے اردگرد بسنے والوں کی مکمل تفصیلات اپنے پاس رکھ کر تمام لوگوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کی ضامن ہوگی اور جس میں ڈولفن فورس کے اہلکار اور خفیہ اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

انہوں نے شرکاء کو ہدایت کی کہ جو بھی اپنے گلی ، محلے، دفاتر یا اردگرد کوئی مشکوک سرگرمی دیکھے وہ 8330پر پولیس کی فوری مدد طلب کرسکتا ہے جس کا ردِ عمل متعلقہ سرگرمی کے خلاف کارروائی کی صورت میں نظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ گلی محلوں کی سطح پر پبلک سیفٹی کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں جس کے تحت سو گھروں کیلئے ایک کو آرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے جس کا خاتمہ ایک دوسرے سے تعاون کئے بغیر ممکن نہیں۔ صدر اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ہزاروں طلبہ، اساتذہ و ملازمین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔