جی سی یو میں صفدر میر پنجابی ٹاکرے کا انعقاد

’’اے پنچائیت تعلیمی اداریاں نوں ٹھیکے تے دے گی‘‘کے موضوع پر14تعلیمی اداروں کے طلباء نے لب کشائی کی

بدھ 6 اپریل 2016 19:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں مجلسِ مباحث کے زیرِ اہتمام ’’اے پنچائیت تعلیمی اداریاں نوں ٹھیکے تے دے گی‘‘کے موضوع پر چوتھے صفدر میر پنجابی ٹاکرے 2016کا انعقاد،14تعلیمی اداروں کے طلباء نے موضوع پر لب کشائی کی۔نامور پنجابی شاعرقائم نقوی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے،جبکہ ٹاکرے کی صدارت جی سی یو پنجابی مجلس کے صدر محمد عمر نظامی نے کی۔

ٹاکرے میں پہلی پوزیشن پنجاب یونیورسٹی نے حاصل کی،انفرادی طور پر پنجاب یونیورسٹی کے طالبعلم حمزہ مصطفی بہترین پنجابی مقرر قرار پائے اور انہیں شہید محب رضا شیلڈ سے نوازا گیا۔مبشر سید اور یاسر فاروق نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے جیتنے والے مقررین کو مبارکباددی۔اس موقع پر قائم نقوی کا کہنا تھا کہ جی سی یو نے کبھی بھی اپنے مشاہیر کو فراموش نہیں کیا،صفدر میر مرحوم کی خدمات کے اعزاز میں پنجابی ٹاکرے کا انعقاد پنجابی ادب کے لیئے بھی قابل فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ پنجابی زبان کو زندہ رکھنے میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورواحد ادارہ ہے جو باقاعدگی سے پنجابی ٹاکرے ،پنجابی مشاعرے اوردیگرتقاریب کا انعقاد کرواتا ہے، جو کہ بہت ضروری ہے۔