نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے 26 رکنی وفد کے لئے سول سیکرٹریٹ لاہور میں بریفنگ اجلا س

پنجاب لینڈ ریکارڈ آٹو میشن کی تکمیل پنجاب کے عوام کیلئے تاریخی لینڈ مارک کی حیثیت رکھتی ہے‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب

بدھ 6 اپریل 2016 19:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے آل پاکستان سینٹرل سپیرئرسروسز کے 21ویں مڈ کیئر مینجمنٹ کورس برائے پروموشن گریڈ 19 سے گریڈ 20 کے شرکاء پر مشتمل افسران کے 26رکنی وفد نے ایڈیشنل ڈائریکٹنگ سٹاف مس عائشہ مخدوم کی قیادت میں سول سیکرٹریٹ لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا۔اس موقع پر وفد کو پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی کے حوالے سے مختلف انتظامی سیکرٹریز کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دینے کے لئے خصوصی اجلاس کا اہتمام کیاگیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے اجلاس کی صدارت کی ۔چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب محمد جہانزیب خان ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ثاقب عزیز ، سیکرٹری انرجی اسد گیلانی ، سیکرٹری پرا ئمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ، سپیشل سیکرٹری ہوم شعیب اکبر اور دیگر صوبائی محکمو ں کے ایڈیشنل سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے وفدسے گفتگو میں کہاکہ حکومت پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی اور ’’نیو گورننس ماڈل ‘‘ کے ثمرات سے پنجاب کے عوام کے مسائل میں کمی آئی ہے اور حکومت پنجاب نے جن شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ان میں صحت، تعلیم او رامن وامان کے علاوہ لینڈ ریکارڈ آٹومیشن خصوصی اہمیت کی حامل ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ کے 92 فیصد کام کی تکمیل پنجاب کے عوام کے لئے ایک تاریخی لینڈ مارک کی حیثیت رکھتا ہے ۔پنجاب میں تحصیل کی سطح پر اب تک 5 کروڑ 72 لاکھ مختلف جائیدادوں کی جمع بندی ، فرد انتقال کا اجراء اور دیگر ملکیتی دستاویزات سے متعلق ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جا چکا ہے ۔پنجاب میں اب پٹواری کا ’’ کالا بستہ‘‘ خالی کر دیا گیا ہے ۔

اب اس میں کچھ بھی باقی نہیں رہا ۔عوام کو پٹواری کی دستبرد سے نجات ملی ہے اور لوگ اب اپنی ملکیتی جائیدادوں کی مصدقہ نقول محض 30 منٹ میں بآسانی حاصل کر رہے ہیں ۔شمائل احمد خواجہ نے وفد کے شرکاء کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف یکسوئی کے ساتھ پاک افواج اور سول حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ۔

حکومت پنجاب نے معاشرے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے قیام کے لئے جس حکمت عملی پر کاربند ہے ،وہی کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور پاکستان کو ترقی کی منزلوں سے ہمکنار کرے گی ۔چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب محمد جہانزیب خان نے اس موقع پر ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ پنجاب میں کوئی ’’ نارتھ - ساؤتھ ڈیوائڈ‘‘ موجود نہیں ۔پنجاب کے جنوبی اضلاع کی آبادی صوبے کی کل آبادی کا 29 فیصد بنتی ہے جبکہ حکومت پنجاب نے اس سال صوبے کے جنوبی اضلاع کی ترقی اور پسماندہ طبقے کو غربت سے نکالنے کی مد میں صوبائی بجٹ سے 34 فیصد رقوم خرچ کی ہیں جو آبادی کے تناسب سے بننے والے حصے سے کہیں زیادہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :