قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ اور مکانات گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس

بدھ 6 اپریل 2016 17:50

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ، آسمانی بجلی اور مکانات کے گرنے کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں انہوں نے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی امداد و بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے ان قدرتی آفات میں جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر ریسکیو اداروں کو متاثرین کو فوری اور ہنگامی بنیادوں پر امداد و طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔