حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ، اس سلسلے میں ہیلتھ کارڈ اسکیم کا اجرا کیا جا چکا ہے ، صحت کے شعبے میں مزید مثبت تبدیلیاں لائی جائیں گی، مستقبل میں صحت کی سہولیات تمام افراد کو یکساں طور پر میسر ہو گی

صدر ممنون حسین کا الشفاء ٹرسٹ ہسپتال کی سلور جوبلی اور پاکستان کے پہلے چلڈرن آئی ہسپتال کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب

بدھ 6 اپریل 2016 17:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ، اس سلسلے میں ہیلتھ کارڈ اسکیم کا اجرا کیا جا چکا ہے ، صحت کے شعبے میں مزید اچھی تبدیلیاں لائی جائیں گی اور مستقبل میں صحت کی سہولیات تمام افراد کو یکساں طور پر میسر ہو گی۔

وہ بدھ کو الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کی سلور جوبلی کی تقریب میں پاکستان کے پہلے چلڈرن آئی ہسپتال کا افتتاح کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ چلڈرن آئی ہسپتال کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے جس سے خطے کے دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس ہسپتال کے قیام سے نوازئدہ بچوں میں نابیناپن پر ابتدامیں ہی قابوپانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہاکہ الشفاء ٹرسٹ گزشتہ25 سالوں سے بہت سے لوگوں کی زندگی میں روشنی لا چکا ہے اور یہاں پر 75فیصد لوگوں کا مفت علاج کیا جانا احسن اقدام ہے۔صدممنون حسین نے کہا کہ وسائل کی کمی کی وجہ سے دور افتادہ علاقوں میں بسنے والے لوگ صحت کی سہولیات سے محروم رہتے ہیں اس سلسلے میں سول سوسائٹی حکومت کا ساتھ دے تاکہ صحت کی مسائل حل ہو سکے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی اور کرپشن نے ملک کی بنیاد یں ہلا کر رکھ دیں اور ہم خوشحالی اور ترقی کے راستے سے بھٹک گئے۔ انھوں نے زور دیا کہ کرپشن کے خلاف جہاد کرنے کی ضرورت ہے اور بدعنوان عناصر کا سماجی سطح پربائیکاٹ کیا جانا چائیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ صرف محنت اور دیانتداری سے ہی قائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار کے مطابق ترقی کی جا سکتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نہایت اہم منصوبہ ہے جس سے پاکستان خطے کا اہم ترین ملک بن جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے عوام حکومت اور افواجِ پاکستان کا ساتھ دیں۔ انھوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے ذریعے توانائی بحران پر قا بوپالیا جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے اور آپریشن ضرب عضب آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔اس موقع پر صدر مملکت نے الشفاء ٹرسٹ کے بانی لیفٹیننٹ جنرل جہاں داد خان کو انسانیت کی خدمت کے لیے شاندار ادارے کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :