نیب کی بدعنوانی سے تدارک اور آگاہی کی ڈائریکٹر جنرل عالیہ رشید نے سول ڈیفنس کے افسران کولیکچردیا

بدھ 6 اپریل 2016 17:21

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کی بدعنوانی سے تدارک اور آگاہی کی ڈائریکٹر جنرل عالیہ رشید نے سول ڈیفنس کے افسران کو سرکاری اداروں میں بدعنوانی سے پاک ماحول اور کام کرنے کے قواعد و ضوابط کے عنوان سے لیکچر دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ملک کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے، ملک سے اس کے بلاامتیاز خاتمے کیلئے عزم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بدعنوانی کے پھیلنے کی وجوہات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس سے قومی وسائل کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ بدعنوانی پر قابو پا کر ملک کو تیزی سے ترقی کے راستے پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے خواتین اور نوجوانوں کے کردار پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے خاندان کی جانب سے مردوں پر سماجی دباؤ کی وجہ سے وہ مالی بدعنوانی پر راغب ہوتے ہیں اگر خواتین کو اس سلسلے میں آگاہی فراہم کی جائے تو اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے مردوں کی اپنے اہل خانہ کی کوششوں کی تعریف کریں اس سے وہ خوشی اور ایمانداری سے اپنے خاندان کیلئے وسائل حاصل کرنے کی کوشش کریں گے تاہم اسی طرح غلط طریقے سے حاصل کی گئی رقم سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی بلز، ڈرائیونگ لائسنس، شناختی کارڈ، اے ٹی ایم مشینوں، سرکاری اشتہارات پر نیب کا بدعنوانی سے آگاہی کا پیغام ”بدعنوانی سے انکار“ درج ہے اور اسی طرح سینما ہالز میں بھی اس پیغام کو اجاگر کیا جاتا ہے، اس سے پہلے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس ائر وائس مارشل (ر) اعجاز ملک نے وزارت داخلہ کی میرٹ پالیسی کے تحت سول ڈیفنس میں نئے ملازمین کی بھرتیوں کے حوالے سے شفافیت اور میرٹ سے متعلق آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :