فتح جنگ،یونیورسل پرائمری ایجوکیشن کے تحت5691بچے داخل کرنے کا ہدف

بدھ 6 اپریل 2016 16:53

فتح جنگ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) حکومت پنجاب کے یونیورسل پرائمری ایجوکیشن پروگرام کے حوالے سے تحصیل فتح جنگ میں محکمہ تعلیم کی جانب سے 4 سے 9 سال تک کے 5691بچوں کوداخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس ہدف کو پورا کرنے کیلئے اور”پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب“ حکومتی نعرہ کے مطابق یونیورسل پرائمری ایجوکیشن (یو پی ای)کے تحت تحصیل فتح جنگ میں 5691طلبا و طالبات کو سرکاری سکولوں میں داخل کرنے کا ہدف پورا کرنے کیلئے ڈپٹی ڈی ای او مردانہ اور زنانہ نے مہم تیز کر دی ہے ۔

یو پی ای پروگرام کے تحت تحصیل فتح جنگ کے 6مراکز میں داخلہ مہم کی نگرانی ڈپٹی ڈی ای او مردانہ فتح جنگ ایم شمیم اختر اور ڈپٹی ڈی ای او زنانہ نادیہ عندلیب کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

داخلہ مہم کے باقاعدہ آغاز کیلئے تحصیل فتح جنگ کے 6مراکز کوٹ فتح خان ،قطبال ،باہتر ،ملال اور فتح جنگ سٹی میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں والدین اور سکول کونسل کے اراکین نے بھر پور شرکت کی ۔

گرلز سکولوں میں اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کلثوم بی بی ،طاہرہ بی بی ،فوزیہ بی بی ،رفعت شاہین اور لبنیٰ اقبال جبکہ بوائز سکولوں میں ای ای اوز سعادت خان ،غلام عباس ،ساجد عباس شاہ ،محمد شکیل اور اظہر محمود داخلہ مہم کیلئے پیش پیش تھے ۔اس موقع پرڈپٹی ڈی ای او زنانہ نادیہ عندلیب اور ڈی ڈی او مردانہ ایم شمیم اختر نے اس موقع سکولوں میں داخل ہونے والے طلبا و طالبات میں مفت کتابیں اور یونیفارم بھی تقسیم کیے۔ ڈپٹی ڈی ای او نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، بہترین نتائج پر اساتذہ کو ایوارڈدیئے جاتے ہیں جبکہ ناقص کارکردگی پر محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔