کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا پاکستان میں غیرملکی ایجنسیوں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار

بدھ 6 اپریل 2016 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اپریل۔2016ء) وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان میں مخالف ایجنسیوں کے کردار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ بدھ کو وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا پانچواں اجلاس یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار‘ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف‘ وفاقی وزیر برائے داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید ‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف‘ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ذکاء الله‘ چیف آف ایئرسٹاف ایئرمارشل سہیل امان‘ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر‘ قومی سلامتی کے جنرل (ر) مشیر ناصر جنجوعہ اور دوسرے سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء کو قومی سلامتی یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس پر شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انسداد دہشت گردی کیلئے سکیورٹی اداروں کی کامیابیوں کو عالمی قیادت کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔ اجلاس میں حال ہی میں امریکہ میں ہونے والی جوہری سلامتی کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں عالمی برادری نے پاکستان کے جوہری اثاثوں کی حفاظت کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں پاکستان میں مخالف ایجنسیوں کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مسلح افواج کے ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لیا گیا جبکہ امریکہ سے ایف سولہ طیاروں کے حصول پر بھی بات چیت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :