کے پی کے حکومت اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھو س اقدامات کررہی ہے ،سردار سورن سنگھ

بدھ 6 اپریل 2016 15:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور سردارسورن سنگھ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے موثر اور ٹھوس اقدامات اُٹھا رہی ہے اور صوبہ خیبر پختونخوا کے ہر ضلع میں غریب اقلیتی برادری کی مالی معاونت کی جارہی ہے جس سے ان کے معاشی مسائل کسی حد تک حل ہو جائینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں میں اقلیتی برادری میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطا ب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر 300 غریب اقلیتی مرد و خواتین میں ساڑھے چار لاکھ مالیت کے چیک تقسیم کیے گئے۔ وزیرِ اعلیٰ کے معاون ِ خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آن پڑھ اور غیر ہنرمند اقلیتی آفراد کی تربیت کیلئے بنوں ، کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں خصوصی تر بیتی مراکز کھولے جارہے ہیں جس سے اقلیتی برادری کو کافی فائد ہ پہنچے گا۔ سردار سوُرن سنگھ نے کہاکہ مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں صوبہ خیبر پختونخوا کو پورے طورپر نظر انداز کیا ہوا ہے اور مرکز سے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی بھی فنڈز و دیگر مراعات فراہم نہیں کئے جارہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے سے لیکر آج تک ہر سیاسی پارٹی نے مختلف نعرہ بازیوں سے عوام کو بیوقوف بنایا لیکن پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے ہر شعبے میں شفافیت اپناکر میرٹ کو ترجیح دی جس کی وجہ سے لوگوں کے مسائل ہر سطح پر بلا امتیاز حل ہورہے ہیں ۔ سردار سوُرن سنگھ نے بنوں کی ضلعی انتظامیہ کو اغوا شدہ اقلیتی بلدیاتی نمائندوں کو جلد برآمد کرنے کی بھی ہدایت کی۔