توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے چین سمیت غیر ملکی سرمایہ کاری خوش آئند ہے‘ راجہ عدیل

بدھ 6 اپریل 2016 15:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے کہا ہے کہ توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے چین سمیت غیر ملکی سرمایہ کاری خوش آئند ہے ،ملک میں جاری توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ صنعتی، معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے غیر ملکی خاص طور پر چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری حوصلہ افزاء ہے،توانائی کے شعبہ میں حکومتی کوششوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نتیجہ میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگابلکہ روزگار کے وافر مواقع بھی فراہم ہونگے جس سے بے روزگاری کا سنگین مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی نیز صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

راجہ عدیل نے کہا کہ حکومت دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کی طرف بھی خصوصی توجہ دے کیونکہ تھرمل پاور کی نسبت ہائیڈل پاور(پن بجلی ) منصوبے سستی بجلی کے حصول کا آسان اور پائیدار ذریعہ ہیں اس سلسلہ میں واپڈا کے قابل عمل منصوبہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا فوری آغاز کیا جائے اس سلسلہ میں دیگر پارٹیوں سے مشاورت کے بعد اس پر کام کا آغاز کیا جائے تاکہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مستقبل بنیادوں پر خاتمہ ہوسکے اور عوام کو اڑھائی روپے یونٹ والی3600میگا واٹ کی بجلی فراہم ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :