محکمہ اینٹی کرپشن حکومت سندھ کی محکمہ فوڈ میں کارروائی ،کروڑوں روپے کرپشن میں ملوث ملزم گرفتار

بدھ 6 اپریل 2016 15:10

سانگھڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء)محکمہ اینٹی کرپشن حکومت سندھ نے محکمہ فوڈ میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ غبن میں میں اکیلا ملوث نہیں ہوں سب کوحصہ دیا ہے۔اس ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شہید بے نظیرآباد میر نادر علی ابڑ ونے بدھ کواینٹی کر پشن آفس سانگھڑ میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے بتایا کہ اینٹی کر پشن کی ٹیم نے محکمہ خوراک میں غبن کی اطلاع پر گزشتہ دنوں محکمہ فوڈ کے ملازم محمد حسن مگسی کو حراست میں لیا دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا اس نے اپنے بالا افسران سے مل کر محکمہ خوراک میں سال 2014/15 میں11578 گندم کی بوریوں کی صرف ریکارڈ میں خریداری دکھاکر محکمہ خوراک میں دو کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد کی کر پشن کی ہے جس میں نیچے سے اوپر تک کے تمام افسران کو رقم دی ہے۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن کے ہاتھوں گرفتارہونے والے محکمہ فوڈ کے سپروائزر محمد حسن مگسی نے گر فتاری کے بعد اینٹی کرپشن آفس میں صحافیوں کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ محکمہ فوڈ میں ہونے والی کر پشن میں مجھے اکیلے کو پھنسایا جا رہاہے جتنی بھی کر پشن ہو ئی ہے سب کو حصہ دیا ہے ۔ملزم کا کہنا تھا کہ میں نے محکمے کے افسران کی ملی بھگت سے خرد برد کی ہے میں ایک چھوٹا ملازم ہوں مجھے تو گر فتار کر لیا ہے لیکن بڑے افسران کو بھی حراست میں لیا جائے تاکہ معلوم ہوسکے کہ کو ن سے افسر کو کتنا حصہ ملا ہے ۔