حکومت شفاف انتخابات بارے اپنی زمہ داریاں پوری کریگی ،چودھری پرویز اشرف

بدھ 6 اپریل 2016 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء)آزاد جموں وکشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ ہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چودھری پرویز اشرف نے کہاہے کہ ہماری حکومت شفاف انتخابات کے حوالے سے اپنی زمہ داریاں پوری کریگی ، چند لوگوں کی خواہشات پر نہیں بلکہ آئین وقانون کے تحت انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے،اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ ،پیپلزپارٹی کی حکومت نے جوتعلیمی پیکیج نافذ کیاتھا وہ عوامی امنگوں کے مطابق تھا۔

اور یہی وجہ ہے کہ ہائی کورٹ نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا، ن لیگ جو عوامی امنگوں کے برعکس زاتی مفادات کی خاطر اس تعلیمی پیکیج کے خلاف تھی عوام نے اس کاچہرہ دیکھ لیاہے ۔اور آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اپنے کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت سازی کریگی اچھل کود کرنیوالوں کااب اپنا براحشر ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی منشور کے مطابق عوام سے کیے گئے تمام وعدے نبھائے ہیں،بھمبر سے نیلم تک تعمیروترقی کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے دوستوں اور دشمنوں کے یکساں طور پر سامنے ہیں،انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی منصوعی بیساکھیوں اور فرضی منصوبوں کے نام پر دی جانیوالی رقومات کے ذریعہ ن لیگ کواقتدار میں لانے کے تمام ہتکھنڈے ناکام بنادینگے وفاقی وزراء کے ذریعے آزادکشمیر کوفتح کرنیوالے ناکام ہونگے اور عوام کامیاب ہوگی ۔

،ن لیگ آزادکشمیر میں معذور کے طور پر نمودار ہوئی ہے،ریاست کوچلانے کیلئے صحت مند اور ویژن رکھنے والی جماعت کی ضرورت ہے وہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو ریاست کواپنے قدم پر کھڑا کرسکتی ہے ،انہوں نے کہاکہ انتخابات کی شفافیت کیلئے ہماری حکومت اولین ترجیحات کے طور پر کام کررہی ہے، ہماری حکومت نے شفاف الیکشن کیلئے نئی ووٹرفہرستوں سے آغاز کیاہے ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت الیکشن کو صاف شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمشنر کے ساتھ ہرممکن تعاون کررہی ہے ۔اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ووٹ کی طاقت کو اپنی ڈھال بنایا اور ہم آئندہ بھی ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔