قومی اسمبلی کا اجلاس کل جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا ‘ صدارت ایاز صادق کرینگے

بدھ 6 اپریل 2016 14:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی کا اجلاس کل جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق 31 ویں سیشن کے شیڈولز اور ایجنڈے کی منظوری کیلئے ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی حتمی فیصلہ کرے گی تاہم قوی امکان یہ ہے کہ قومی اسمبلی کا سیشن 22 اپریل تک جاری رہے گا۔

اس دوران 11اپریل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بھی ہو گا جس میں قانون سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے کلجمعرات کو شروع ہونے والے اجلاس میں ایوان کی معمول کی کارروائی سمیت اہم قومی امور زیر غور لائے جائیں گے۔ دوسرجانب اپوزیشن کی جانب سے پاناما لیکس کا معاملہ اٹھایا جائیگا میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو نوازفیملی کی آف شور کمپنیوں کے معاملے پر ٹف ٹائف دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ذرائع کا کہنا ہے دونوں قائدین نے جمعرات کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت پر دباوٴ مزید بڑھانے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے سے متعلق بات چیت کی اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس ہوگا ‘اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں حکومت کو پاناما لیکس کے معاملے پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر زچ کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے پر غور کیا جائے گا۔