Live Updates

پانامہ لیکس کے حوالے سے احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے مٹھی بھر کارکن ممی ڈیڈی اور برگر ٹائپ ہیں،رانا ثنا اللہ

بدھ 6 اپریل 2016 13:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اپریل۔2016ء) وزیر قانون پنجاب راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے مٹھی بھر کارکن ممی ڈیڈی اور برگر ٹائپ ہیں، محض الزام کی بنیاد پر ہر کسی کو مجرم نہیں ٹھہرا سکتے،وزیراعظم کے کمیشن کے قیام کے اقدام کو عوام نے سراہا ہے،تہمینہ درانی کی تنقید جمہوریت کا حسن ہے، اس تنقید سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہم کتنے جمہوری لوگ ہیں۔

وہ بدھ کو یہاں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کے کمیشن کے قیام کے اقدام کو سراہا گیا ہے، پانامہ لیکس تحقیقات سے سچ اور جھوٹ کا پتہ چل جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریٹائرجج نیب یا الیکشن کمیشن کا سربراہ ہو سکتا تو جوڈیشل کمیشن کا کیوں نہیں، کمیشن کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ دوسرے ملک میں بنی کمپنی کے تحقیقات ہو سکتی ہیں یا نہیں، تمام معاملات قانونی ہیں ہر پہلو کا جائزہ لینا ہو گا، محض الزام کی بنیاد پر ہر کسی کو مجرم نہیں ٹھہرا سکتے، دنیا میں الزام لگانے پر پکڑ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہمینہ درانی کی تنقید جمہوریت کا حسن ہے اور اس کی تنقید سے اندازہ لگائیں کہ ہم کتنے جمہوری لوگ ہیں، قانون ملک کے اندر اور باہر بھی کاروبار کی اجازت دیتا ہے، اگر کسی کو کمیشن پر تنقید ہے تو اپنا مشورہ دے، شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو انکوائری سے کوئی نہیں روک سکتا، اس معاملے پر سپریم کورٹ نوٹس لے سکتا ہے، اس مسئلے کیلئے بحث کا بہترین فورم سینیٹ اور قومی اسمبلی ہے، پی ٹی آئی کے مٹھی بھر کارکن ممی ڈیڈی اور برگر ٹائپ ہیں جو احتجاج کر رہے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات