وزیراعظم کا گوادر بندرگاہ کوپاکستان کی ترقی کاگیٹ وے بنانے کے عزم کا اظہار

بدھ 6 اپریل 2016 13:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اپریل۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے گوادر بندرگاہ کوپاکستان کی ترقی کاگیٹ وے بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کا مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ ہے، اقتصادی راہداری منصوبوں سے پاکستان میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا اور صنعتیں ترقی کریں گی، سی پیک منصوبے پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں،پاک چین اقتصادی راہداری سے خوشحالی آئے گی اورعوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

وہ بدھ کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کے رکن ژانگ چن زیان سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعاون موجود ہے، علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے، دونوں ملکوں کے درمیان دوستی اصولوں اور باہمی اعتماد پر مبنی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون دوستی کی بنیاد پر ہے، پاکستان اور چین کا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی، تجارت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کر رہا ہے،پاک چین اقتصادی راہداری بہت بڑا اور جامع منصوبہ ہے، اقتصادی راہداری سے پاکستان میں خوشحالی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا، اقتصادی راہداری منصوبوں سے پاکستان میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا اور ملک میں صنعتیں ترقی کریں گی، سی پیک منصوبے سے معاشی ترقی ہو گی، غربت اور بے روزگاری کم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر منصوبے پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اقتصادی راہداری پر چینی قیادت کا تعاون قابل تعریف ہے، اقتصادی راہداری سے کاشغر اور گوادر کو ملانا بنیادی مقصد ہے، پاکستانی قوم دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطح تک پہنچانے میں چینی قیادت کے شکرگزار ہیں، گوادر بندرگاہ کو پاکستانی ترقی کا گیٹ وے بنائیں گے۔

ملاقات میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے رکن ژانگ چن زیان نے کہا کہ انتہائی پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم نواز شریف کا عزم قابل تحسین ہے، پاکستان کی موجودہ حکومت کی کارکردگی سے چینی قیادت بہت متاثر ہوئی ہے، سلامتی، امن و امان اور معیشت کی بحالی کیلئے حکومت کا کردار قابل تعریف ہے، چینی قیادت اقتصادی راہداری پر پاکستانی عوام کی حمایت پر خوشی کا اظہار کر رہی ہے، وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان میں نمایاں تبدیلیاں آ رہی ہیں، ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک میں تبدیل کر دیں گے۔

متعلقہ عنوان :