چائلڈپروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے انسداد گداگری مہم جاری

28مختلف علاقوں سے بھکاری بچوں کو تحویل میں لے لیا گیا ،،24لڑکے اور4لڑکیاں شامل

بدھ 6 اپریل 2016 13:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء)چیئر پرسن چائلڈپروٹیکشن بیورو صبا صادق کی ہدایت پر بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے انسداد گداگری مہم جاری ہے۔ اس مہم کے دوران بیورو کی ریسکیو ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائی کے دوران 28بھکاری بچوں کو تحویل میں لے لیا جن میں 24لڑکے اور4لڑکیاں شامل ہیں۔ ان تمام بچوں کو کریم بلاک، مون مارکیٹ، اکبر چوک، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، شوکت خانم چوک، جوہر ٹاؤن، ڈیفنس موڑ اور دیگر علاقوں میں گرینڈ ریسکیو آپریشن کے ذریعے تحویل میں لیا گیا۔

اس ریسکیو آپریشن کے دوران سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور پولیس کی ٹیموں کا تعاون بھی شامل تھا۔ تحویل میں لئے گئے بچوں کی عمریں 5سال سے 14سال کے درمیان ہیں اور ان تمام بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹ میں پیش کرنے کے بعد قانونی تحویل حاصل کی گئی اور چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا جہاں ان بچوں کو رہائش اور خوراک کی تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں نیز ان بچوں کے والدین سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ شہر کے تمام سگنلز، بازاروں اور سڑکوں کو بھکاریوں سے پاک کرنے کیلئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی انسداد گداگری مہم کامیابی سے جاری ہے جس کی وجہ سے بھکاریوں کی تعدادمیں خاطر خواہ کمی ہو رہی ہے۔