پنجاب میں آرکیالوجی اور سپورٹس کی سرگرمیوں کوفروغ دیکر جرائم اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ‘آصف سعید منہیس

بدھ 6 اپریل 2016 13:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) پنجاب میں آرکیالوجی ،سیاحت اور سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر جرائم اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے جس سے ایک صحت مند معاشرہ پروان چڑھے گا اور پوری دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج پیدا ہو گا۔یہ بات صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن ،آرکیالوجی ،سیاحت اور سپورٹس آصف سعید منہیس نے سیاحت،آرکیالوجی اور کھیل کے قلمدان سنبھالنے کے بعد محکمانہ بریفنگ کے دوران کہی ۔

اس موقع پر سیکرٹری یوتھ افیئر ہمایو ں اظہر ،ایم ڈی ٹور ازم احمد ملک، ڈی جی سپورٹس عثمان انور اور ڈی جی آرکیالوجی اعجاز احمد سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ بریفنگ کے دوران ایم ڈی ٹور ازم احمد ملک نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ محکمہ سیاحت کے پنجاب میں سات سینٹرز قائم ہیں اور لال سہونرا میں نا مکمل ریزاٹ کو مکمل کر دیا گیا ہے جبکہ دراوڑ فورٹ بہاولپور میں پنجاب ٹور ازم ڈیپارٹمنٹ ایک ہوٹل بنا رہا ہے جہاں ہر سال جیپ ریلی کی وجہ سے لاکھوں سیاح اس قلعہ کو وزٹ کرتے ہیں جبکہ سون ویلی میں کینیٹی گارڈن اور کھبیکی جھیل میں بھی ہوٹل بنایا جا رہا ہے اس کے علاوہ اچھالی لیک فورٹ منرو اور ضلع راجن پور مذہبی عبادت گاہ کے قریب بھی ایک ریزاٹ بنایا جا رہا ہے جبکہ کوٹ مٹھن میں 40ایکٹر پر مشتمل 13رہائشی کمروں پر مشتمل ریزاٹ بھی اس سال مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں بھی ایک ہوٹل تعمیرکیا جا رہا ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے دوران بریفنگ بتایا کہ 2011-12میں صوبہ میں سپورٹس کی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر تھیں لیکن 2013-14میں اس محکمے کو دوبارہ ایکٹو کیا گیا او رپنجاب میں یوتھ فیسٹیول کروائے گئے جس میں لوگوں کو گھروں سے باہر کھیل کے میدان میں لایا گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ سروے کے مطابق 50ہزار افراد کے لئے ایک سٹیڈیم ہونا چاہیے لیکن پنجاب میں 6لاکھ آبادی کے لئے ایک سٹیڈیم موجود ہے لیکن اس کے باوجود موجودہ حکومت نےISOایوارڈ جیتا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ۔ عثمان انور نے بتایا کہ کافی عرصہ سے انٹرنیشنل باکسنگ میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی حصہ نہیں لے رہا تھا لیکن اس سال پاکستان خاص کر پنجاب سپورٹس بورڈ کی جانب سے 5باکسر شرکت کریں گے ،اسی طرح میراتھن ،کرکٹ،فٹ بال ،باسکٹ بال میں بھی پنجاب سے کھلاڑی شرکت کی اور کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبہ میں ایک ہزار سپورٹس گراؤنڈ بنائے جا رہے ہیں جن میں مختلف کھیلوں کے لئے مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ڈی جی آرکیالوجی اعجاز احمد نے بھی محکمہ بارے میں صوبائی وزیر کو مکمل بریفنگ دی اور کہا کہ پنجاب میں قدیم ثقافت اور تاریخی عمارات کی بحالی کے لئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ لوگوں کو پرانی اور تاریخی عمارات کے بارے میں آگاہی حاصل ہو سکے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ آرکیالوجی ،سیاحت اور کھیل کو پروموٹ کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :