چمن:ایف سی کی بڑی کارروائی :”را ” کا ایجنٹ افغان انٹیلی کا حاضر سروس افسر گرفتار

تفتیش کیلئے چمن سے کوئٹہ منتقل ،اہم انکشافات متوقع

بدھ 6 اپریل 2016 13:33

چمن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) افغانستان کے پاکستان میں مداخلت کے ثبوت مل گئے، ایف سی نے چمن کے علاقے شہیداں بوغرہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ”را “ کا ایجنٹ افغان انٹیلی جنس افسر کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ترجمان ایف سی کے مطابق افغان انٹیلی جنس ایجنسی ”خاد “ کا حاضر سروس افسر چمن کے علاقے بوغرہ سے گرفتار کیا گیا ہے جس کے قبضے سے ایک پسٹل اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ،ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد جاسوس کی نشاندہی پر چمن کے نواحی علاقے میں ایک کمپاونڈ پر کارروائی کی گئی جہاں سے21 کلو بارودی مواد، 4 ایس ایم جی رائفلز، سیکڑوں گولیاں، سنیپر سکوپ، بم بنانے کے آلات، مختلف فورسز کے کارڈز اور فورسز کے زیر استعمال وائرلیس سیٹ برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایف سی حکام کا کہنا ہے کہ یہ جاسوس پاک افغان بارڈر کے علاقوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ساتھ مل کربلوچستان میں تخریب کارروائیاں کرتا تھا جبکہ مزید تخریب کاری کی منصوبہ بندی بھی کررکھی تھی،افغان افسر کو چمن سے گرفتاری کے بعد اسے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے ،ایف سی نے جاسوس کی گرفتاری کے حوالے سے اپنی حکمت عملی وضع کرلی ہے اور اسی حکمت عملی کے تحت افغان جاسوس سے کی جانے والی تفتیش کو خفیہ رکھا جارہا ہے تاکہ اس کی نشاندہی کردہ مقامات سے اس کے سہولت کار اور ساتھی فرار نہ ہوسکیں اور ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جاسکے،ترجمان کے مطابق افغان افسر کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے دوران تفتیش اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 3 مارچ کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے ہی بھارتی خفیہ ایجنسی را کا حاضر سروس افسر گرفتار کیا تھا جس کے انکشافات پر بہت سی کارروائیاں کی گئیں ۔

متعلقہ عنوان :