پانامہ لیکس کے بعدپاک سر زمین ” شریفوں“ کیلئے تنگ ہوگی‘ انہیں باہر جانا ہو گا ورنہ اندر ہونگے، حافظ حسین احمد

بدھ 6 اپریل 2016 12:58

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس نیب اور اعلیٰ عدلیہ کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، پانامہ سکینڈل میں شریف خاندان چھپا بڑا رستم نکلا، پرویزی تردید سے حقائق کو جھٹلایا نہیں سکتا جبکہ ”نکے“ شریفوں نے خود اعتراف جرم کر لیا ہے، پنجاب میں حقوق نسواں کے ذریعے مردوں کو ” کڑے“ لگانے والے ” شریفوں “ کو کڑے لگنے کا وقت آگیا ہے ، جے یو آئی حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود حکمرانوں کے احتساب کا اعلان کرتی ہے اور خود کو بھی احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں ، مذہبی جماعتوں کا کریڈٹ ہے کہ ان کا کوئی ایک فرد بھی کبھی کرپشن سکینڈل میں نہیں آیا،پاک سر زمین اب ” شریفوں“ کیلئے تنگ ہو جائے گی کیونکہ ان کا سب کچھ باہر ہے اور مجبوراً انہیں بھی باہر ہی جانا ہو گا ورنہ اندر ہونگے ،پانامہ لیکس میں شامل تمام پاکستانی سیاستدانوں کے نام ای سی ایل میں ڈال کر بیرون ممالک جانے پر پابندی عائد کی جائے، وہ حضرو کے گاوٴں ہارون میں جے یو آئی کے بانی رہنماوٴں سید حسن شاہ ، سید محبوب عالم شاہ گیلانی کی عیادت کے بعد جے یو آئی برطانیہ کے صدر سید فیض الحسن شاہ کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، جے یو آئی مڈ لینڈ کے جنرل سیکرٹری رفیق احمد شاہ، سینئر صحافی نثار علی خان، ڈاکٹر مسعود اختر اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں، حافظ حسین احمد نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان میں سپریم کورٹ ، عدالتوں، آئین کی موجودگی میں قانون کی کبھی گرفت نہیں رہی ورنہ کوئی ریمنڈ ڈیوس آنکھوں میں دھول جھونک کر فرار نہ کیا جاتا، کوئی ممتاز قادری کی طرح پھانسی نہ چڑھتا ، جنرل مشرف کی طرح باہر فرار نہ ہوتا اور یہ سب کھلواڑ نہ ہوتا جو ہورہا ہے ، انہوں نے کہا کہ اب فیصلے کا وقت آ گیا ہے کہ پاکستان میں سیاست اور حکمرانی کرنے کیلئے کاروبار ،اثاثے ، فیکٹریاں بچے ( پہلی بیوی سے ہوں یا دوسری سے) سب پاکستان میں ہونا چاہئے، بے رحم احتساب کے ذریعے شریف خاندان کو عدالتی کٹہرے میں کھڑا کرکے دودھ کا دودھ پانی کا پانی کیا جائے جبکہ قوم کے سرمائے اور اثاثوں پر کھلواڑ کا باب ہمیشہ کیلئے بند ہوجانا چاہئے ، حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ پانامہ لیکس میں کسی مذہبی یا دینی رہنما کا نام نہ آنے سے ان کا استحقاق” مجروع“ہو ا ہے اور یہ مذہبی رہنماوٴں کی ”نااہلی“ کا ثبوت بھی ہے ،ایک سوال پر جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ عوام احتساب (انتخابات ) کے وقت برادری ازم کا شکار ہو کر کرپٹ عناصر کا بار بار چناوٴ کرتے ہیں جبکہ غریب عوام کسی غریب امیدوار کو ووٹ نہیں دیتے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے افراد پارٹی اورلبادہ بدل بدل کر ہم پر مسلط ہوتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :