لاہور: سی ٹی ڈی کی سگیاں پل کے قریب کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

بدھ 6 اپریل 2016 12:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) لاہور کے نواحی علاقے سعید چوک میں سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سانحہ گلشن اقبال کے بعد شہر میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد گیارہ ہو گئی ہے۔ حکام کے مطا بق کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر شیرا کوٹ کے علاقے میں دریا کے کنارے واقع کچی آبادی میں چھاپہ مارا۔

سی ٹی ڈی ریڈ کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں چھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ انکے چار ساتھی اندھیرے کا فائڈہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کے ساتھ ساتھ اہم شخصیات کو بھی نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ کلو دھماکہ خیز مواد، دو کلاشنکوف، چار پستول، چار ڈیٹونیٹر، تین موٹر سایئکلیں اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ ادھر سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مبینہ مقابلہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہور کے قریب سگیاں پل کے قریب ہوا جہاں مبینہ شدت پسندوں کی ایک ٹھکانے پر موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے طلعت پارک، کچی آبادی شیراکوٹ لاہور میں چھاپہ مارا۔ترجمان کے مطابق ٹھانے پر موجود نو سے دس شدت پسندوں کو ہتھیار پھینک کر خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا گیا لیکن شدت پسندوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔

ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں چھ شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ تین سے چار شدت پسند تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق ہلاک مشتبہ دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کے استاد اسلم گروپ سے ہے جو لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معروف شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مطابق ہلاک ملزموں کی شناخت ابھی باقی ہے۔

ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے شدت پسندوں کی تلاش جاری ہے۔ واضع رہے کہ 27 مارچ کو لاہور کے گلشن اقبال پارک میں دھماکے کے بعد لاہور میں یہ دوسرا پولیس مقابلہ ہے اس سے قبل رائے ونڈ روڈ کے علاقے ایل ڈی اے ایونیو میں سی آئی اے پولیس نے ایک مقابلہ میں پانچ مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :