انڈین پریمیئر لیگ کا نویں ایڈیشن شروع ہونے میں 2 دن باقی، رنگا رنگ افتتاحی تقریب پرسوں وینکھڈے سٹیڈیم میں منعقد ہو گی،تیاریاں عروج پر، بالی ووڈ سٹار کترینہ کیف، رنویر سنگھ اور جیکولین فرنیڈس پرفارم کریں گے، 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دینگی، ممبئی انڈینز اعزاز کا دفاع کریگی، پہلا میچ ممبئی انڈینز اور رائزنگ پونے سپرجائنٹس کے درمیان کھیلا جائیگا

بدھ 6 اپریل 2016 12:19

دہلی۔ 06 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا نواں ایڈیشن 9 اپریل سے شروع ہوگا جس میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی انڈینز ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نائن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب جمعہ کو وینکھڈے سٹیڈیم میں منعقد ہو گی جس میں بالی ووڈ سٹار کترینہ کیف، رنویر سنگھ اور جیکولین فرنیڈس پرفارم کریں گے۔

آئی پی ایل نائن کا باضابطہ طور پر آغاز 9 اپریل سے ہو گا جس میں آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔ انٹرنیشنل کرکٹرز کے آمنے سامنے ہونے سے قبل آٹھ اپریل کو رنگارنگ افتتاحی تقریب ہو گی جس میں کترینہ کیف، رنویر سنگھ، جیکولین فرنیڈس، یویو ہنی سنگھ اور انگلش پاپ بینڈ ٹی بی سی جلوے دکھائیں گے۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ تقریب میں 200 سے زائد ڈانسرز، اداکار اور لوک فنکار بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

29 مئی تک جاری رہنے والے ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں ممبئی انڈینز، رائزنگ پونے سپرجائنٹس، کولکتہ نائٹ رائیڈرز، دہلی ڈیئر ڈیولز، کنگز الیون پنجاب، گجرات لائنز، رائل چیلنجرز بنگلور اور سن رائزرز حیدر آباد شامل ہیں۔ لیگ میں فائنل سمیت 60 میچز کھیلے جائیں گے، افتتاحی میچ ممبئی انڈینز اور رائزنگ پونے سپرجائنٹس کے مابین کھیلاجائے گا۔ ممبئی انڈینز کو دو بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ 22 مئی کو آخری لیگ میچ کھیلا جائے گا۔ کوالیفائر ون 24 مئی، ایلیمنیٹر 25 مئی، 27 مئی کو کوالیفائر ٹو جبکہ 29 مئی کو دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :